پارٹی ٹکٹ نہ ملا تو گجرات سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑوں گا: احمد مختار
بھیرہ (نامہ نگار) وفاقی وزیر پانی و بجلی چودھری احمد مختار نے بھیرہ میں چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی چودھری ندیم افضل گوندل کے ہمراہ نئے برقی گرڈ سٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعد اےک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ہر صورت مکمل ہو گا۔ 12 مارچ کو صدر زرداری کی قیادت میں سرحدی گیس پوائنٹ پر گیس پائپ لائن کا افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد میں کام کیا۔ گیس پائپ لائن منصوبہ کی تکمیل کے لئے امریکی مداخلت یا دباﺅ قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا بجلی بحران حل کرنے کے لئے کئی منصوبے بنائے گئے ہیں اور گنے کے پھوک سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ اگلے دہ ماہ میں مکمل ہو جائے گا جس سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ برف چند ہفتوں میں پگھلنا شروع ہو جائے گی اور پانی کی دستیابی کے ساتھ بجلی کی پیدوار میں اضافہ ہو گا اور لوڈ شیڈنگ میں کمی آ جائے گی۔ چودھری احمد مختار نے کہا کہ الیکشن بروقت ہوں گے اور انہیں ملتوی کرانے کی ہر سازش ناکام بنا دی جائے گی۔گجرات سے میں ہر حالت میں الیکشن لڑوں گا خواہ پی پی پی کا ٹکٹ ملے یا نہ ملے آزاد حیثیت میں 105 سے الیکشن لڑوں گا۔ گجرات میں بادشاہت کرنے والوں کی بدمعاشی کے خلاف اکیلا ہی لڑ رہا ہوں، مجھے جلسے جلوسوں میں بندوقیں لانا پسند نہیں۔ انہوں نے برقی گرڈ سٹیشن کی تعمیر میں حصہ لینے والے اور تعینات عملہ کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ قبل ازیں چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی ندیم افضل گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پی پی پی کے منشور پر عمل درآمد کے لئے بینظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق کام کیا اور ہر غریب اور امیر سے یکساں سلوک کیا۔ ندیم افضل گوندل نے کہا کہ گوادر پورٹ اور ایران گیس منصوبہ اندھیروں سے روشنی کی طرف پہلا قدم ہے۔ سابقہ صوبائی وزیر حاجی محمد افضل چن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے بعد پنجاب میں حکومت قائم کر کے بھلوال کو بھی ہم ضلع کا درجہ دلوائیں گے۔