افغانستان : امریکی وزیر دفاع کی موجودگی کے دوران دو خودکش دھماکے‘ 8 بچوں سمیت 19 ہلاک
کابل(آن لائن+آئی این پی)افغانستان میں یکے بعد دیگرے دو خود کش حملوں میں 8 بچوں سمیت19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق افغان وزارت دفاع کے قریب ایک موٹر سائیکل سوار خود کش حملہ آور نے اس وقت خود کو دھماکے سے اڑا دیا جب امریکی وزیر دفاع چیک ہیگل وزارت داخلہ میں افغان حکام کے ساتھ ایک اعلی سطحی اجلاس میں مصروف تھے۔ پولیس چیف نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خود کش حملہ آور نے وزارت دفاع کے داخلی دروازے سے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز کی جانب سے روکے جانے کے بعد اس نے گیٹ پر ہی خود کو دھماکہ سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں تین سکیورٹی اہلکاروںسمیت 10 افراد ہلاک اور دس زخمی ہوگئے۔ہلاک و زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر افغان شہری شامل ہیں ۔عینی شاہدین کے مطابق خود کش حملے کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ شروع ہوگئی اور لوگ لاشیں اور زخمی زمین پر چھوڑ کر علاقے سے بھاگ گئے ۔طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت دفاع کے داخلی راستوں میں سے ایک راستے کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔اپنے ای میل پیغام میں طالبان نے کہا کہ یہ حملہ امریکی وزیر دفاع کے دورہ افغانستان پر ان کو سخت پیغام دینے کےلئے کیا گیا ہے۔دوسری جانب مشرقی افغان صوبہ خوست میں بھی ایک خود کش حملے میں 8 بچے اور ایک راہگیر ہلاک ہوگئے۔ افغان حکام نے بتایا ہے کہ اتحادی و افغان فورسز مشترکہ گشت پر تھے کہ طالبان نے خود کش حملہ کر دیا جس کی زد میں آ کر 8 بچے اور ایک راہ گیر لقمہ اجل بنے۔ ادھر انٹرنیشنل سکیورٹی اسسٹنس فورس (ایساف)کے ترجمان نے کہا کہ ہیگل دھماکے کی جگہ کے قریب تھے۔ امریکی دفاعی افسر نے کہا کہ ہیگل اس وقت ایساف کے آفس میں محفوظ مقام پر ہیں۔دوسری جانب امریکی وزیر دفاع چیک ہیگل نے کابل میں امریکی کمانڈروں اور افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات کی اورافغانستان کی موجودہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہو ئے چک ہیگل نے کہا کہ افغانستان سے فوج کا کامیاب اور ذمہ دارانہ انخلاءیقینی بنائیں گے۔ افغانستان دورے کا مقصد امریکہ کی سب سے لمبی جنگ کو سمجھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ افغانستان سے فوجی انخلا کے بعد کتنے فوجی افغانستان میں رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بارے میں حتمی فیصلہ صدر اوباما کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انخلا کے بعد بھی چیلنج ہونگے۔