کل ایران گیس منصوبے کا افتتاح کروں گا‘ اگلی حکومت بھی پیپلز پارٹی کی ہوگی : زرداری
حیدر آباد + کراچی (نوائے وقت نیوز + اے پی اے + آئی این پی) صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے لوگوں کی جان و مال کا تحفظ ہر چیز پر مقدم ہے، بہت سی مشکلات آئیں لیکن ڈٹ کر چیلنجز کا مقابلہ کیا۔ جمہوری حکومت کے 5 سال مکمل کرنا پیپلز پارٹی کی ایک بہت بڑی فتح ہے اور اس سے جمہوری ادارے اور جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔ موجودہ حکومت کے پانچ سال جمہوریت کی افزائش کی تصویر پیش کرتے ہیں۔ حکومت نے بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بہت کام کیا۔ ان کا کہنا تھا جمہوریت کی ترقی کی بنیاد ہم نے رکھی۔ مخالفین کے تمام تر سیاسی حربوں کے باوجود پیپلز پارٹی کی جمہوری حکومت نے اپنی اعلیٰ سیاسی مفاہمتی حکمت عملی اور بہتر کارکردگی کی وجہ سے اپنی آئینی مدت پوری کی ہے حالانکہ پیپلز پارٹی کے اقتدار سنبھالتے ہی سیاسی مخالفین نے کہنا شروع کر دیا تھا یہ حکومت صرف چھ ماہ ہی چلے گی لیکن اتحادیوں کے تعاون سے اور عوام کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنی آئینی مدت پوری کی ہے۔ صدر نے اپنے دورہ حیدرآباد کے دوران کئی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صدر زرداری نے حیدرآباد پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا عوام خود ٹیکس ادا کریں، مڈل مین کا کردار ختم کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا عالمی اور علاقائی تجارت کا بھی فروغ چاہتے ہیں، علاقائی تجارت کیلئے گوادر بندرگاہ اہم منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا پانچ سالہ دور حکومت میں بہت سی مشکلات آئیں لیکن ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ملک کی سیاسی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی منتخب جمہوری حکومت نے اپنی مدت پوری کی ہے۔ یہ ملک میں جمہوریت کی کامیابی اور پیپلز پارٹی کی فتح ہے۔ صدر نے کہا پیپلز پارٹی نے اپنی مفاہمت پسندانہ سیاسی پالیسیوں سے ملک میں پائیدار جمہوریت اور مثبت جمہوری روایات کو پروان چڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں عام انتخابات اپنے وقت پر ہونگے جس کے نتیجے میں منتخب ہونے والی نئی جمہوری حکومت کو اقتدار منتقل کر دیا جائے گا۔ صدر نے کہا جمہوری حکومت کے 5 سال مکمل کرنا پیپلز پارٹی کی ایک بہت بڑی فتح ہے اور اس سے جمہوری ادارے اور جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔ جمہوریت کے ساتھ کمٹڈ ہیں صاف شفاف انتخابات کے ذریعے آئینی طور پر انتقال اقتدار ہو گا۔ موجودہ حکومت کے پانچ سال جمہوریت کی افزائش کی تصویر پیش کرتے ہیں۔ حکومت نے بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بہت کام کیا۔ ان کا کہنا تھا جمہوریت کی ترقی کی بنیاد ہم نے رکھی۔ مخالفین کے تمام تر سیاسی حربوں کے باوجود پیپلز پارٹی کی جمہوری حکومت نے اپنی اعلیٰ سیاسی مفاہمتی حکمت عملی اور بہتر کارکردگی کی وجہ سے اپنی آئینی مدت پوری کی ہے حالانکہ پیپلز پارٹی کے اقتدار سنبھالتے ہی سیاسی مخالفین نے کہنا شروع کر دیا تھا یہ حکومت صرف چھ ماہ ہی چلے گی لیکن اتحادیوں کے تعاون سے اور عوام کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنی آئینی مدت پوری کی ہے۔ صدر زرداری کا کہنا تھا الیکشن صاف شفاف ہوں گے اور جمہوری حکومت عوام سے کئے گئے ہر وعدے کی طرح یہ وعدہ بھی پورا کریگی۔ انہوں نے کہا عالمی برادی کو پاکستان کو درپیش مسائل کا ادراک ہونا چاہئے۔ ہماری اولین ترجیح پاکستان اور ملک کا قومی مفاد ہے۔ پاکستان امن کے ساتھ اقتصادی ترقی کا خواہاں ہے نجی شعبے کے اشتراک کے بغیر اقتصادی ترقی ممکن نہیں۔ صدر کا کہنا تھا پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کا گیارہ مارچ کو افتتاح کروں گا۔ سستی توانائی کے بغیر اقتصادی ترقی ممکن نہیں۔ صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوری حکومت اب تک چار ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کر چکی ہے اور اکیس ہزار میگا واٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ حیدرآباد میں کراچی تا حیدرآباد ایم نائن موٹروے کا سنگ بنیادرکھتے ہوئے انہوں نے کہا یہ منصوبہ جس میں چھ رویہ موٹر وے اور 20 پلوں کی تعمیر شامل ہے 2 سال میں مکمل ہوگا اور اس پر 13 ارب روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا اس منصوبے سے ٹرانسپورٹ اور صنعتی شعبوں کو فائدہ پہنچنے کے علاوہ چار ہزار بیروزگار لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔ صدر نے 48 کلومیٹر طویل حیدرآباد بدین روڈ کا افتتاح بھی کیا جو 18 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوئی ہے۔ صدر نے حیدرآباد میں بے گھر لوگوں کے لئے بہن بینظیر بستی ہا¶سنگ سکیم کا بھی افتتاح کیا۔ اس سکیم کے تحت سندھ کے 23 اضلاع میں غریبوں کے لئے 65 ہزار مکان تعمیر کئے جائیں گے۔ یہ منصوبہ ایک ارب 60 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہو گا۔ قبل ازیں صدر زرداری نے میرواہ سنگر چانگ بدین موٹروے کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر حیدرآباد میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیلئے بارہ سو پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ نیاز سٹیڈیم اور اس کے اطراف میں شاہراہوں کو سیل کر دیا گیا تھا، نیاز سٹیڈیم کے قریب واقع نجی سکولوں میں بھی چھٹی کرا دی گئی تھی۔ صدر نے دراوٹ ڈیم کا بھی افتتاح کیا۔ آئی این پی کے مطابق صدر زرداری نے کہا اگلی حکومت پھر پیپلز پارٹی کی ہو گی اور امن امان ہماری اولین ترجیح ہو گی‘ قومی اور علاقائی سطح پر ٹریڈ کے فروغ کے لئے ایران سے گیس پائپ لائن کا معاہدہ کیا ہے اور چائنا کو گوادر پورٹ دی ہے۔ انہوں نے کہا کراچی کے حالات کو ایک سازش سے خراب کیا جا رہا ہے۔ ہم نے شرپسند عناصر کیخلاف بلاتفریق کارروائی کا حکم دیدیا ہے، عوام کی جان و مال کے تحفظ کو حکومت یقینی بنائے گی۔ صدر نے کہا پانی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور اس کو محفوظ بنانے کےلئے ملک کو بہت سے نئے ڈیموں کی ضرورت ہے ہماری حکومت نے ملک کے مختلف حصوں میں کئی نئے ڈیم بنائے ہیں۔