قومی ہاکی ٹیم اچھا کھیلی، مستقبل روشن ہے : اولمپئنز
لاہور (سپورٹس رپورٹر) سابق اولمپئنز نے قومی ہاکی ٹیم کی اذلان شاہ کپ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے میچز میں بھی ٹیم قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔ پی ایچ ایف کنسلٹنٹ طاہر زمان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے تاہم اگلے میچز میں بھی کامیابی کے لئے سخت محنت کرنا ہوگی۔ اولمپئن محمد اخلاق کا کہنا تھا کہ ٹیم کامستقبل روشن ہے۔ پی ایچ ایف لاہور اکیڈمی کے کوچ انجم سعید کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی اگر گیم پلان کے تحت اگلے میچز میں بھی کھیلتے رہے تووکٹری سٹینڈ کےلئے فیورٹ ہو سکتی ہے۔ اولمپئن دانش کلیم کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش رہی ہے، جیت کا کریڈٹ کھلاڑیوں سمیت ٹیم مینجمنٹ کو بھی جاتا ہے۔