یوتھ فیسٹیول سائیکل ریس نعمان شوکت‘ محمد عمران‘ راحیلہ بانو نے جیت لی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) یوتھ فیسٹول 2012ءکے سلسلہ میںنکالی گئی سائیکل ریس میں نعمان شوکت نے 66 کلومیٹر، مردوں کی 22 کلومیٹر میں محمد عمران اور خواتین کی 22 کلومیٹر ریس راحیلہ بانو نے جیت لی۔ فاتح میں ٹرافی اور سرٹیفیکٹ کے علاوہ ساڑھے 8 لاکھ روپے کے نقد انعامات تھے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر دو لاکھ روپے، دوسری پوزیشن کے لئے ڈیڑھ لاکھ اور تیسرے نمبر پر آنے والے سائیکلسٹ کےلئے ایک لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔ پرانے راوی پل سے شروع ہونے والی ریلی کا آغاز 66 کلومیٹر کیٹگری سے ہوا جس میں پچاس سے زائد سائیکلسٹس شریک ہوئے‘ سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی اور چیف آرگنائزر سپورٹس پنجاب رانا مشہود احمد خاںاور ڈی جی سپورٹس اینڈ یوتھ افئیر پنجاب محمدعثمان انور نے ریس کے شرکاءکو فلیگ آف کیا۔ ریس کے موقع پر رنگ روڈ کی اطراف میں سائیکلسٹس کےلئے سٹال لگائے گئے تھے ۔ ریسکیو 1122 کا عملہ بھی روٹ پر موجود رہا۔نتائج کے مطابق66کلومیٹر ریس میں پہلی پوزیشن نعمان شوکت نے، دوسری عمران شوکت اور محمد شکیل تیسرے نمبر پر رہے ۔مردوں کی 22 کلومیٹر ریس میں 100 کے قریب سائیکلسٹس شریک ہوئے۔ پہلی پوزیشن محمد عمران نے حاصل کی جنھوں نے مقررہ فاصلہ 38 منٹ میں مکمل کیا۔ محمد عمران نے دوسری پوزیشن حاصل کی اور محمد شعمون تیسرے نمبر پر رہے۔ خواتین کی 22 کلومیٹر ریس کا آغاز بھی راوی انٹر چینج سے ہوا جس میں پنجاب یونیورسٹی، لاہور کالج یونیورسٹی اور واپڈا سمیت دیگر تعلیم اداروں کی60 سائیکلسٹس شریک ہوئیں۔ ریلی کی شرکاءبراستہ رنگ روڈ شاد باغ سے واپس پرانے راوی پل پہنچیں۔ نتائج کے مطابق 22کلومیٹر ریس میں پہلی پوزیشن راحیلہ بانو رہی۔ آج یوتھ فیسٹیول کے سلسلہ میں مراتھن ریس ہو گی جس کا آغاز پنجاب سٹیڈیم سے ہو گا جو براہ راستہ فیروزپور روڈ، دھرمپورہ واپس پنجاب سٹیڈیم اختتام ہو گی جبکہ 3کلومیٹر پر محیط فیملی فن ریس صدیق ٹریڈ سنٹر سے شروع ہو کر لبرٹی چوک پر ختم ہوگی۔ تیسری کیٹگری میں 3کلومیٹر لیڈیز ریس ہو گی جس کا آغاز بھی صدیق ٹریڈ سنٹر سے ہو گا اور یہ بھی لبرٹی چوک پر اختتام پذیر ہو گی۔