• news

جنوبی افریقہ کیخلاف پہلا ون ڈے آج ہو گا‘ حفیظ سے اختلاف نہیں‘ سیریز جیتنے کی کوشش کرینگے: مصباح الحق

بلوم فونٹین (نیوز ڈیسک/نیوز ایجنسیاں)جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج شیور لیٹ پارک بلوم فونٹین میں کھیلا جائےگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ایک بجے شروع ہوگا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے محمد حفیظ کے ساتھ اختلافات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ ایسے پراپیگنڈے کرتے ہیں انہیں شرم آنی چاہئے، ٹیم ایک فیملی کی طرح ہوتی ہے اور سب کھلاڑی ایک دوسرے کو بھرپور سپورٹ کرتے ہیں۔ جنوبی افریقہ ون ڈے کی بھی خطرناک ٹیم ہے لیکن کھلاڑی بھرپور مقابلے کےلئے تیار ہیں۔ ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم نے پروٹیز کو زیر کیا اور لوگوں نے اپنی طرف سے میرے اور حفیظ کے درمیان اختلافات کی خبریں پھیلا دیں، اس طرح کی خبریں بے معنی ہیں اور ان میں کسی قسم کی بھی صداقت نہیں ہے، ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد سب کو جواب مل جائے گا۔ ٹی ٹونٹی میچ جیتنے کے بعد کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور وہ ون ڈے سیریز میں بھی پروٹیز ٹیم کے چیلنج کا سامنا کرنے کےلئے تیار ہیں۔ کرکٹ ٹیم کے منیجر نوید اکرم نے ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی ٹیموں کے کپتانوں مصباح الحق محمد حفیظ کے درمیان اختلافات کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ ٹیم اور اس کے ارکان کیخلاف منفی پراپیگنڈا ہے جس کا مقصد ٹی ٹونٹی کی فتح کے بعد پُرعزم قومی ٹیم کا ایک روزہ سیریز سے قبل مورال اور اعتماد کو دھچکا پہنچانا ہے۔ قومی ٹیم میں مکمل اتحاد ہے اور ہر کھلاڑی ون ڈے سیریز کھیلنے کیلئے پُرعزم ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن