اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 4-3 سے شکست دیدی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم نے ملائیشیا میں کھیلے جانے والے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے محمد عمران کی ہیٹ ٹرک کی بدولت نیوزی لینڈ کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دیدی۔ ملائیشیا کے شہر ایپو میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ بارش کے باعث آدھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے اور پہلے ہاف کے اختتام پر تین دو سے برتری حاصل کی۔ دوسرے ہاف میں نیوزی لینڈ نے کم بیک کرتے ہوئے مزید ایک گول کرکے میچ تین تین سے برابر کردیا تاہم میچ کے اختتامی لمحات میں پاکستان نے فیصلہ کن گول کر کے میچ میں فتح حاصل کر لی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عمران نے ہیٹ ٹرک کی جبکہ عبدالحسیم خان نے ایک گول سکور کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے رسل، ٹیرینٹ اور ہیورڈ نے ایک ایک گول سکور کیا۔ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو تین کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔ تیسرے میچ میں میزبان ملائیشیا نے جنوبی کوریا کیخلاف 2کے مقابلے میں 3 گول سے کامیابی حاصل کر لی۔پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ آج آسٹریلیا کیخلاف کھیلے گی یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن ایک بجکر پانچ منٹ پر شروع ہوگا۔ آج دوسرے میچ میں بھارت کوریا اور تیسرے میچ میں میزبان ملائیشیا نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرے گا۔