بروقت انتخابات سیاسی استحکام کیلئے ضروری ہیں‘ بدامنی کو التوا کا بہانہ نہ بنایا جائے : سابق جرنیلوں کا مشورہ
لاہور (رپورٹ: فرخ سعید خواجہ) دہشت گردی، بلوچستان اور خیبر پی کے حالات، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ سمیت بدامنی کے دیگر واقعات کو عام انتخابات کے التواءکا بہانہ نہیں بنانا چاہئے۔ بروقت انتخابات ملک میں سیاسی استحکام کیلئے ضروری ہیں۔ سیاسی استحکام ہوگا تو ملکی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار پاک فوج کے سابق جرنیلوں نے نوائے وقت کے اس سوال کہ سکیورٹی خطرات، کیا پاکستانی انتخابات کیلئے خطرہ ہیں؟ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ افواج پاکستان کے سابق سربراہ جنرل (ر)، مرزا محمد اسلم بیگ، جنرل (ر) خواجہ ضیاءالدین المعروف جنرل بٹ، ایڈمرل (ر) جاوید اقبال اور جنرل (ر) فیض علی چشتی اس بات پر متفق نظر آئے کہ ملک میں بروقت عام انتخابات ہونے چاہئیں۔ عسکری ماہرین کا کہنا تھا کہ ایران میں پوری پارلیمنٹ دہشت گردوں نے اڑا دی تھی اور تمام پارلیمنٹیرین جاں بحق ہوگئے تھے، اسکے باوجود ایران میں انتخابات کا انعقاد ہوسکتا ہے تو ملک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال میں عام انتخابات میں کسی قسم کی بھی تاخیر نہیں کی جانی چاہئے۔ جنرل (ر) اسلم بیگ نے کہا کہ عام انتخابات بروقت ہونے چاہئیں۔ جہاں تک سکیورٹی خطرات کا تعلق ہے وہ اپنی جگہ موجود ہیں، غیرملکی ہاتھوں کی موجودگی بھی محسوس کی جاسکتی ہے مگر ا س سب کے باوجود بروقت عام انتخابات ہونے چاہئیں تاکہ نیا مینڈیٹ لیکر آنیوالی حکومت عوامی تائید کے بل بوتے پر تمام سکیورٹی مسائل سے نمٹ سکے گی۔ جنرل (ر) خواجہ ضیاءالدین نے کہا کہ بم دھماکے، شیعہ سنی فسادات کرانے کی سازشیں بادی النظر میں عام انتخابات کو موخر کرانے کی کوششیں لگتی ہیں لیکن پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے وقت پر عام انتخابات منعقد کئے جانے ضروری ہیں۔ سیاسی استحکام ہی سے معاشی استحکام آئیگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ناکام رہے ہیں، دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دی گئی۔ اب فریش مینڈیٹ حاصل کرنیوالی حکومت ہی پاکستان کو امن دے سکے گی۔ جنرل (ر) فیض علی چشتی نے کہا کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل پاکستان کی سلامتی کیخلاف سازشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ ایک منظم سازش کے تحت پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سکیورٹی خطرات اپنی جگہ موجود ہیں اسکے باوجود ضروری ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات بروقت منعقد ہوں۔ ایڈمرل (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ بلوچستان، خیبر پی کے، قبائلی علاقہ جات کے حالات و واقعات اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، عباس ٹاﺅن جیسے سانحات پاکستان کی سکیورٹی کیلئے خطرہ تو ہیں ہی مگر انکی آڑ میں عام انتخابات کو موخر کرنے کی سازش کی بھی بو آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات موخر کرنا سب سے بڑی غلطی ہوگی جس کا پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے اسلئے عام انتخابات اب مئی میں ہر قیمت پر ہوجانے چاہئیں۔
سابق جرنیل