صدر کا وزیراعظم کو فون‘ متاثرین بادامی باغ کو 5 ۔ 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان
کراچی (نوائے وقت نیوز) صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور سانحہ بادامی باغ متاثرین کو 5, 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے بلاول ہا¶س میں صدر سے ملاقات کی۔ گورنر نے صدر کو واقعہ کی ابتدائی رپورٹ پیش کی۔ صدر نے گورنر کو ہدایت کی کہ بادامی باغ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ روزانہ کی بنیاد پر امدادی کاموں سے آگاہ کیا جائے اور واقعہ کی پیش رفت سے باخبر رکھا جائے۔ صدر زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے دوران بادامی باغ کے واقعہ اور اس سے پیدا شدہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صدر نے ہدایت کی کہ بادامی باغ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ دونوں رہنماو¿ں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ متاثرین کو 5 ، 5لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔ گورنر پنجاب نے صدر کو واقعہ کی ابتدائی رپورٹ بھیج دی۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے مشیر بین المذاہب ہم آہنگی پال بھٹی اور وزیرمملکت اکرم مسیح گل کو ٹیلی فون کرکے سانحہ بادامی باغ کے متاثرین کی ہرممکن مددکرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت نے اقلیتوں کے تحفظ کاعزم کر رکھاہے اقلیتی برادری کی جان ومال کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اس سلسلے میں تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔ دوسرے مذاہب کے پیروکاروں پر تشدد اسلامی تعلیمات اور نظریات کے خلاف ہے۔ پال بھٹی اور اکرم مسیح گل نے وزیراعظم کو متاثرین کی حالت زار سے آگاہ کیا اور ان کی امدادکی یقین دہانی کرانے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔