پنجاب میں بدامنی کے اکا دکا واقعات رحمن ملک کے بیانات کی وجہ بھی ہو سکتے ہیں: رانا ثنااللہ
لاہور (خبرنگار) وزیر قانون رانا ثنااللہ نے کہا کہ رحمن ملک اختیارات کے نشے میں یہ بھی بھول گئے ہیں انصاف دینا ایف آئی اے یا وفاقی حکومت کاکام نہیں بلکہ عدلیہ کا کام ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب میں ہونے والے بدامنی کے اکا دکا واقعات رحمن ملک کے بیانات کی وجہ سے بھی ہو سکتے ہیں۔ رحمن ملک کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا جو شخص وفاقی دارالحکومت میں گورنر پنجاب سلمان تاثیر اور اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر شہباز بھٹی کی حفاظت نہ کر سکا وہ مسیحی برادری کو کیا تحفظ دے گا۔ سلمان تاثیر اور شہباز بھٹی کے قاتلوں کو انجام تک پہنچا دیا جاتا تو پاکستان میں اس طرح کے واقعات جنم ہی نہ لیتے۔