نوازشریف نے مسیحی آبادی پر حملے کا نوٹس لے لیا، شہبازشریف کو سخت کارروائی کی ہدایت
لاہور (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نوازشریف نے لاہور میں مسیحی آبادی پر حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ میاں نوازشریف نے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں اب تک کی کارروائی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان سے کہا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی مزید سخت کی جائے۔ نواز شریف نے بیرون ملک سے وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے فون پر رابطہ کر کے بادامی باغ سانحے سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ نواز شریف نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایک شخص کی غلطی کی سزا ساری کمیونٹی کو دینا کہاں کا انصاف ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شر پسند عناصر کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرین کی بحالی کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے نواز شریف کو اقدامات بارے تفصیلی آگاہ کیا۔