آئی او سی نے پاکستان اولمپک کمیٹی کو جائز قرار دے دیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ایک مرتبہ پھر جنرل(ر) عارف حسن کی زیر صدارت پاکستان میں قائم پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو جائز قرار دیدیا ہے۔ آئی او سی کی جانب سے یہ وضاحت اس وقت کی گئی جب انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر گیلن ٹیپر کی جانب سے وضاحت طلب کی گئی تھی کہ پاکستان میں نیشنل اولمپک کمیٹی کون سی ہے جسے تسلیم کیاجائے۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن کو پاکستان میں قائم عبوری کمیٹی کی جانب سے خط تحریر کیا گیا تھا کہ جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں عبوری کمیٹی کے زیر اہتمام قائم پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے صدر ریاض احمد جبکہ سیکرٹری احمر ملک ہیں انہیں تسلیم کیا جائے۔ جس پر انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے آئی او سی کو خط تحریر کیا کہ پی او اے کی جانب سے پاکستان میں ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے صدر ایم ایس سبطین اور سیکرٹری جنرل حفیظ اللہ خان ہیں لہذا واضح کیا جائے کہ پاکستان میں عبوری کمیٹی کی کیا حیثیت ہے اور پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے اصل عہدیدار کون ہیں۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر پر واضح کیا کہ پاکستان میں نیشنل اولمپک کمیٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن ہیں لہذا وہ پاکستان میں جس بھی کھیل کی تنظیم کو جائز قرار دیتے ہیں اسے تسلیم کیا جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا تھا جس میں 102 میں سے 72 ارکان نے پی او اے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن پر اعتماد کا اظہار کیا تھا۔