• news

جوزف کالونی کے واقعہ پر سر شرم سے جھکا ہے، ایسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں: پرویز رشید

لاہور (خبرنگار) مسلم لیگ (ن) کے ترجمان سنیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ جوزف کالونی کے واقعہ پر سر شرم سے جھکا ہوا ہے۔ جنہوں یہ شرمناک حرکت کی ہے ان کی مذمت کرتے ہیں۔ پوری قوم جوزف کالونی کے متاثرین کے دکھ میں شریک ہے۔ ہم سب کے دل اس واقعہ پر دکھی ہیں۔ ہم بطور پاکستانی سوچتے ہیں۔ بطور مسیحی یا مسلمان نہیں سوچتے۔ جوزف کالونی میں متاثرین سے ملاقات کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ گوجرہ کے بعد ایک ہزار متاثرین کو پہلے سے بہتر گھر تعمیر کر کے دیے تھے۔ اب بھی جلنے والے تباہ ہونے والے تمام گھر تعمیر کر کے دیں گے۔ سب کا نقصان پورا کریں گے۔ یہاں کی کمیونٹی پر مشتمل کمیٹی بنا رہے ہیں۔ کمیٹی جتنے نقصان کی نشاندہی کرے گی ادا کر دیں گے۔ حکومت ختم ہونے سے پہلے اس واقعہ کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔ اسے کوئی تبدیل بھی نہیں کر سکے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ جوزف کالونی میں مسیحی برادری کے گھر جلانے والے شرپسندوں کی فوٹیج موجود ہے جس کی مدد سے ذمہ داروں کو گرفتار کر رہے ہیں۔ 153میں سے 132کو گرفتار کیا ہے۔ توہین رسالت کے ملزم کے خلاف بھی مقدمہ درج ہو چکا ہے اور اسے گرفتار کیا جا چکا ہے۔ جنہوں نے گھر جلائے ہیں ان کے خلاف دہشت گردی جلاﺅ گھیراﺅ کے تحت مقدمات درج کر دیے گئے ہیں۔ انہیں آج عدالت میں پیش کریں گے۔ روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت ہو گی۔ ملزموں کو سزا سنائی جائے گی۔ متاثرین کا اشتعال فطری ہے۔ لوگوں کا نقصان ہوا ہے۔ جلے ہوئے گھروں کی تعمیر شروع کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے صرف 3 دن کا وقت سارا کام مکمل کرنے کے لئے کہا جس کا جتنا نقصان ہوا ہے مکمل ادا کیا جائے گا۔ گھر پہلے سے بہتر بنا کر دینگے۔ انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے مثبت کردار ادا کیا۔ جوڈیشل انکوائری میں جس نے غلطی کی اس کا پتہ چل جائے گا۔ قبل ازیں رانا ثنااللہ جوزف کالونی کے متاثرین سے ملنے کے لئے گئے تو انہوں نے وزیر قانون کی بات نہ سنی بلکہ پنجاب حکومت کے خلاف نعرہ بازی شروع کر دی اس پر رانا ثنااللہ واپس پلٹ آئے۔ 
پرویز رشید/ رانا ثناء

ای پیپر-دی نیشن