31 مارچ کو ملک میں امن کیلئے فارمولا پیش کرینگے: فضل الرحمن
پشاور( آئی اےن پی) جمعیت علمائے اسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جے یو آئی (ف) کی اے پی سی کو الیکشن سٹنٹ نہ سمجھا جائے، افغانستان میں مصالحتی عمل کی حمایت کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن) کےساتھ انتخابی اتحاد کا اصولی فیصلہ ہوا ہے، نواز شریف نے ہاتھ بڑھایا اور ہم نے ان کا خیرمقدم کیا، طالبان نے مذاکرات کی خواہش کا اظہارکیا لیکن حکومت تذبذب کا شکار ہے جس سے مایوسی پھیل رہی ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ مشکل وقت میں اپنا کردار ادا کرے۔ و ہ اتوارکے روز صوبائی سیکرٹریٹ پشاور میں کوہستان سے رکن قومی اسمبلی محبوب اللہ جان اور رکن خیبر پی کے اسمبلی انجینئر سجاداللہ اور نیم قبائلی علاقہ جات پر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنما سابق سینیٹر و رکن قومی اسمبلی الحاج نور شیر آفریدی اور ان کے بھتیجے ظفرخان آفریدی کو اپنے خاندانوں اور ہزاروں حامیوں سمیت جمعیت علماءاسلام میں شمولیت کے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ غیرملکی ایجنڈے پرکام کرنے والوں کا انتخابی میدان میں بھرپور مقابلہ کریں گے، ایسا محسوس ہو تا ہے کہ ایک پلان کے تحت ملک میں افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، جے یو آئی انتخابات کے التواءکو قبول نہیں کرے گی۔ مختلف جماعتوں سے رابطے ہیں، انہوں نے کہا کہ مستقبل کی سیا ست میں جے یو آئی کا اہم رول ہو گا۔ 31 مارچ کو مینار پاکستان لاہور میں عظیم الشان اسلام زندہ بادکانفرنس کے موقع پر قوم کو ملک میں امن کے قیام کے لئے ایک فارمولہ دیں گے۔