• news

دورہ کے دوران ٹیم معاملات، پی سی بی کا سخت کارروائی کا فیصلہ

لاہور (چودھری اشرف/سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چوہدری ذکاءاشرف نے جنوبی افریقہ میں قومی ٹیم کے اختلافات اور دو کپتانوں کے درمیان ہونے والے لڑائی کا سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا۔ اس سلسلہ میں ٹیم مینجمنٹ جس میں منیجر نوید اکرم چیمہ اور کوچ ڈیو واٹمور سے الگ الگ رپورٹس طلب کر لی گئیں۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ ٹیم میں کسی قسم کی گروپ بندی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ اگر کسی بھی کھلاڑی کے متعلق کوئی بھی منفی رپورٹ سامنے آئی تو سخت ایکشن بھی لیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی قومی ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ہونے والی وائٹ واش شکست پر پہلے ہی نالاں ہیں جبکہ ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل ٹی ٹونٹی اور ون ڈے ٹیم کے کپتانوں محمد حفیظ اور مصباح الحق کے درمیان لڑائی کی خبریں منظرعام پر آنے کے بعد انہوں نے ٹیم کے سکیورٹی مینجر کرنل (ر) وسیم احمد سے بھی رپورٹ مانگ لی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے جنوبی افریقہ سے چیئرمین پی سی بی سے خصوصی ٹیلیفونک رابطہ بھی کرنے کی کوشش کی لیکن چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف سے رابطہ نہ ہو سکا۔ پی سی بی ترجمان نے بتایا کہ ون ڈے سیریز مکمل ہونے کے بعد ٹیم مینجمنٹ اپنی رپورٹ پی سی بی کو جمع کرائے گی جس کی روشنی میں چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف کوئی جواب دینے کی پوزیشن میں ہونگے جب تک ٹیم مینجمنٹ کی رپورٹ نہیں آتی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن