اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کے خلاف کارکردگی ناقص رہی : سابق اولمپئن
اسلام آباد (اے پی پی) سابق اولمپئن منصور احمد نے کہا کہ سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کے خلاف قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی ناقص رہی۔ میچ میں پاکستانی ٹیم تمام شعبوں میں ناکام ہوئی۔ آئندہ میچوں کیلئے نئی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔ پیر کو ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں قومی ٹیم بغیر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتری اور میچ کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ چار سالوں سے ٹیم کا مورال خراب ہوا اور آسٹریلیا کے خلاف 6-0 سے شکست پاکستان کیلئے افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ میچوں میں عمدہ کارکردگی دکھانے کیلئے نئی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔