خواتین ملک کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں: رخسانہ جبیں
لاہور (لیڈی رپورٹر) جماعت اسلامی آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے عظیم اسلامی انقلاب کے لئے کوشاں ہے ہمہ گیر اسلامی انقلاب اور پرامن اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لئے خواتین جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی خواتین کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر رخسانہ جبین نے منصورہ میں مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا میں موجودہ تبدیلی کی لہر امید افزاءہے اگر باکردار اور غیرت مند قیادت موجود ہو تو عوام کی تائید سے پرامن، آئینی جدوجہد کے ذریعے عظیم اسلامی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے اس کے لئے مایوسی اور ناامیدی کے مقابلے میں امید اور تعمیر کا پیغام عام کرنے کی ضرورت ہے۔ مزیدبرآں بادامی باغ واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اسے اسلام اور ملک دشمن عناصر کی کارروائی قرار دیا انہوں نے کہا کہ اسلام عدل و انصاف کا دین ہے اور ناموس انبیاءہمارا ایمان ہے۔ اگر کسی نے توہین رسالت کا جرم کیا بھی ہے تو اسے قانون کے مطابق سزا ملنی چاہئے مگر بے گناہ اقلیتوں کے گھروں کو اجاڑنا اور تباہی مچانا غیر اسلامی فعل ہے۔ بھارتی ایما پر حسینہ واجد نے اسلام پسند دائیں بازو کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے خلاف کریک ڈاﺅن شروع کیا جو کہ بد ترین ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔