• news

افسر کو ترقی نہ دینے پر‘ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم پرویز اشرف کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا

 اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ڈبلیو ڈی کے افسر کو ترقی نہ دینے کی درخواست پر وزیراعظم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔ پی ڈبلیو ڈی کے سپریڈنڈنٹ انجینئر زوہیر خالد کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 9 فروری 2011ءکو سنٹرل سلیکشن بورڑ کے چیئرمین رانا بھگوان داس نے ان کی گریڈ 20 میں بطور چیف انجینئر ترقی کی سفارش کی تھی لیکن وزیراعظم نے سمری پر دستخط نہیں کئے تھے۔ 24 جون 2011ءکو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اقبال حمید الرحمان نے بھی ترقی کا حکم دیا لیکن وزیراعظم نے عدالتی حکم پر سیکرٹری ہاﺅسنگ سے رائے طلب کر لی اور پروموشن نہیں کی۔ درخواست گزار کے وکیل کرنل (ر ) انعام الرحیم نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم صرف اپنے بیٹوں اور رشتے داروں کو نوازتے ہیں۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اپنے دامادوں کو ترقیاں دیں۔ موجودہ حکومت نے توہین عدالت کی ہیٹرک مکمل کر لی ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ انور کاسی نے وزیراعظم پرویز اشرف کے علاوہ ان کے پرنسپل سیکرٹری ایوب قاضی اور ڈپٹی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھی توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن