• news

نئے پوپ کا انتخاب نہ ہو سکا، کارڈینل آج پھر سرجوڑ کر بیٹھیں گے

ویٹی کن سٹی (نیٹ نیوز) رومن کیتھولک عیسائیوں کے 266ویں پوپ کے چناو¿ کے لئے 115کارڈینل گذشتہ روز 4مرتبہ ووٹنگ کے باوجود نئے پوپ کا انتخاب نہ کر سکے۔ یہ کارڈینل آج پھر روم کے وقت کے مطابق صبح 10سے سسٹین چیپل میں پھر سر جوڑ کر بیٹھیں گے اور نئے پوپ کے انتخاب تک کمرے سے باہر نہیں آئیں گے۔ بی بی سی کے مطابق مستعفی ہونے والے پوپ بینیڈکٹ شانزدہم کی جگہ لینے کے لئے اب تک کوئی واضح امیدوار سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے 8سال تک پوپ رہنے کے بعد گذشتہ ماہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ وہ گذشتہ 600 سالوں میں مستعفی ہونے والے پہلے پوپ ہیں۔ ویٹیکن کے پریس آفس کے مطابق 115 کارڈینل گذشتہ روز سینٹ پیٹرز بیسیلیکا میں مقامی وقت کے مطابق دس بجے صبح خصوصی عبادت کے بعد سسٹین چیپل میں جمع ہوئے اور دن بھر نئے پوپ کے نام پر غوروخوص کرتے رہے مگر رات کو چمنی سے سیاہ دھواں نکالا جس کا مطلب ہے پوپ کا انتخاب نہ ہو سکا اور یہ کارڈینل اس وقت تک روزانہ دن میں چار مرتبہ ووٹنگ کریں گے جب تک کوئی ایک امیدوار دو تہائی اکثریت یا 77 کارڈینلز کی حمایت حاصل نہیں کر لیتا۔ رپورٹ کے مطابق ویٹی کن کے سِسٹین چیپل پر وہ چمنی نصب ہے جس سے جب سفید دھواں نکلے گا تو یہ نئے پوپ کے انتخاب کی نشانی ہوگا۔ روم میں بی بی سی کے نامہ نگار جیمز رابنز کے مطابق مائیکل اینجلو کی پینٹنگ سے آراستہ چھت کے نیچے کارڈینلز کے لیے نشستوں کا انتظام کر دیا گیا ہے اور میزیں لگا دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ خصوصی ٹیکنالوجی بھی نصب کر دی گئی ہے تاکہ موبائل فون یا دیگر آلات جو عمل رازداری کی خلاف ورزی کر سکتے ہیں انہیں جام کر دیا جائے۔ رپورٹ کے مطابق اس مرتبہ جن کارڈینلز کے نام بطور امیدوار سامنے آ رہے ہیں ان میں میلان کے کارڈینل اینجلو سکولا، برازیل کے اوڈیلو شیرر اور امریکہ کے ٹموتھی ڈولن شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن