شدت پسند نئی پناہ گاہوں کی تلاش میں ہیں: یورپی ممالک پر حملہ ہو سکتا ہے: یورپی یونین
برسلز (نوائے وقت رپورٹ) یورپی یونین انسداد دہشتگردی ادارے کے سربراہ گائلز ڈی کرچ یوف نے یورپی ممالک کو شدت پسند تنظیموں کی جانب سے کسی حملے کے خطرے سے خبردار کیا ہے جبکہ انہوں نے پاکستان سمیت یمن، نائیجریا اور افریقہ میں بھی صورتحال کو کشیدہ قرار دیا۔ برسلز سے جاری بیان میں یورپی یونین انسداد دہشت گردی ادارے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ شام سے لے کر مالی تک شدت پسند نئے محفوظ پناہ گاہوں کی تلاش میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، یمن، نائیجیریا اور افریقہ میں صورتحال کشیدہ ہے۔ یورپی ممالک میں کسی شدت پسند تنظیم یا کسی شخص کے حملہ کرنے کے خطرات حقیقی طور پر موجود ہیں۔ جنوری میں مالی میں القاعدہ اور ذیلی تنظیموں کے خلاف فرانسینی فوج کی ناکامی مثبت ہے۔ شدت پسند حملے کرنے کیلئے مسلسل نئی محفوظ پناہ گاہوں کی تلاش میں ہیں۔ یورپی ممالک میں شدت پسند کشیدگی کا فائدہ اٹھانے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں۔