• news

ضیاءالحق نے جہاد افغانستان کے نام پر دہشتگردی کو امپورٹ کیا: قائم مقام آئی جی سندھ

کراچی (نوائے وقت نیوز) قائم مقام آئی جی سندھ غلام شبیر شیخ نے کہا ہے کہ پولیس کو جدید خطوط پر استوار نہیں کیا گیا۔ دہشت گردی آمر ڈکٹیٹر ضیا الحق کی پیدا وار ہے۔ کراچی میں پولیس ہیڈ کواٹرز گارڈن میں گزشتہ روز بلدیہ ٹاو¿ن میں جاں بحق ہونیوالے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ کے بعد قائم مقام آئی جی سندھ غلام شبیر شیخ نے میڈیا سے بات چیت کرتے کہا کہ ضیاء الحق نے جہاد افغانستان کے نام پر دہشت گردی کو امپورٹ کیا اور آمر حکومت کے دور میں ہی راکٹ لانچر اور منشیات ملک میں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سیاسی حکومت کو ورثے میں ملی ہے۔ پولیس کو جدید خطوط پر استوار نہیں کیا گیاجبکہ جدید دہشت گردی کے خلاف جدید ہتھیاروں کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی پر قابوپانے کے لئے ملکی سرحدوں کو سیل کرنا ہوگا اور دروازے لگانا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لسانی اور مذہبی تنظیموں کے پاس راکٹ لانچر ہیں۔ کراچی میں دہشت گردی باہر سے آنے والے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راکٹ لانچر اور کلاشنکوف کی گولی کراچی میں نہیں بنتی اسلحہ باہر سے آ رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن