گوانتا ناموبے کے قیدیوں کی قرآن پاک ضبط کرنے پر بھوک ہڑتال
گوانتانامو بے (آن لائن + اے ایف پی) گوانتانامو بے میں زیر حراست متعدد قیدیوں نے اپنی ذاتی اشیاءضبط کئے جانے پر بطور احتجاج بھوک ہڑتال کر دی۔ ہڑتال کرنے والوں میں نائن الیون واقعہ کے مرکزی ملزم خالد شیخ بھی شامل ہیں۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کی واشنگٹن سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق فروری کے آغاز میں چند قیدیوں سے ان کی ذاتی اشیاءضبط کر لی گئیں، جن میں قرآن پاک کے نسخے بھی شامل تھے۔ ان قیدیوں کے وکلاء اور حراستی مرکز گوانتانامو بے کے اہلکاروں نے مطلع کیا کہ اس اقدام کے احتجاج میں چند زیرحراست ملزمان نے بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔ امریکی شہر نیو یارک سے تعلق رکھنے والی وکیل کا کہنا ہے کہ اس کا کلائنٹ البھانی گزشتہ 30 دن سے بھوک ہڑتال پر ہے۔ ہڑتالی قیدیوں نے کہا ہے کہ جیل حکام ان کے مذہبی معاملات میں بے جا مداخلت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ قیدیوں نے قرآن پاک کے نسخوں کی تلاشی لینے پر مشترکہ طور پر بھوک ہڑتال کی۔ قیدیوں نے کہا ہے کہ جیل حکام مذہبی معاملات میں بے جا مداخلت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ قیدیوں کے وکیل کا کہنا ہے کہ بھوک ہڑتال کرنے والوں کی صحت تیزی سے بگڑ رہی ہے۔