مقبوضہ کشمیر حکومت کا کشمیری مہاجرین کو مالی اعانت فراہم کرنے سے انکار
سرینگر (آن لائن) حکومت مقبوضہ کشمیر نے پاکستان اور آزاد کشمیر سے واپس جانے والے کشمیری مہاجرین کو آبادکاری پالیسی کے تحت مالی اعانت فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے یہ نوجوان غیرقانونی راستوں سے آئے ہیں جبکہ حکومت نے احتجاجی مظاہروں کے دوران گرفتار 1800 سے زائد نوجوانوں کو رہا کر کے ان پر قائم تمام مقدمات ختم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ریاستی اسمبلی میں وزیر داخلہ کی حیثیت سے دئیے گئے تحریری بیان میں کہا سرحد پار چار ہزار سے زائد نوجوان اب بھی موجود ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرحد پار سے واپس لوٹے ان نوجوانوں اور ان کے اہل خانہ کی کوئی امداد و اعانت نہیں کی جا سکتی کیونکہ وہ مقرر کردہ راستوں اور مرتب کئے گئے قواعد و ضوابط کے تحت واپس نہیں لوٹے بلکہ انہوں نے نیپال اور دوسرے غیر قانونی راستے اختیار کئے۔