فنانس کمیٹی نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے 2 ارب 44 کروڑ سے زائد کے بجٹ کی منظوری دیدی
اسلام آ باد (خبر نگار خصوصی) قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے آئندہ مالی سال کے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے 2 ارب 44 کروڑ51 لاکھ روپے سے زائد کے بجٹ کی منظوری دیدی جبکہ 2013-14ءکے دوران قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے امور موثر انداز میں چلانے کیلئے116 عارضی آسامیوں کو برقرار رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوا ۔اجلاس میں سید غلام مصطفیٰ شاہ ،نفیسہ شاہ،یاسمین رحمان،چوہدری سعود مجید،رانا تنویر حسین،بیگم عشرت اشرف،اقبال محمد علی خان،مفتی اجمل اوراستقبال خان کے علاوہ سیکرٹری قومی اسمبلی،ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 2012-13ءکے مختص بجٹ اور نظرثانی شدہ تخمینوں میں کوئی فرق نہیں۔اس موقع پرقومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے گزشتہ 5 سال کے دوران اخرجات میں مالیاتی ڈسپلن برقرار رکھنے پر سپیکر قومی اسمبلی کی کاوشوں کو سراہا ۔