اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ : پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست
ایپوہ (سپورٹس ڈیسک+اے پی پی) اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھارت نے پاکستان، دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ نے کوریا کو ہرا دیا۔ بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیدی۔ 2 ناکامیوں کے بعد پاکستان کا وکٹری سٹینڈ تک پہنچنا مشکل ہو گیا۔ ملائیشیا میں کھیلے جانے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیدی۔ بھارت نے شروع سے ہی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے واحد گول وقاص شریف نے کیا۔ یہ ٹورنامنٹ کی پاکستان کی دوسری شکست تھی۔نیوزی لینڈ نے کوریا کو آﺅٹ کلاس کر دیا، نیوزی لینڈ نے شروع ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور چوتھے منٹ میں سٹیفن جینس کے گول کے ذریعے برتری حاصل کر لی۔ 12 ویں منٹ میں نیوزی لینڈ کو پنلٹی کارنر ملا جس پر کو ری بینٹ نے گول کرکے برتری کو دگنا کر دیا۔ پہلے ہاف کے اختتام تک نیوزی لینڈ کو دو گول کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں بھی نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کیا اور ساتویں منٹ میں اینڈی ہاورڈ نے گول کرکے نیوزی لینڈ کو 3-0 کی برتری دلا دی۔ کوریا کی ٹیم دوسرے ہاف میں بھی کوئی گول سکور نہ کر سکی، اس طرح نیوزی لینڈ نے ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔آسٹریلیا اور ملائیشیا کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر ہو گیا۔ آسٹریلیا کو 9 پنلٹی کارنرز ملے مگر وہ کسی ایک پر بھی گول نہ کر سکے۔ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ تاحال ناقابل شکست ہیں۔ل مزید تین میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ پہلا میچ آسٹریلیا اور کوریا کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا، دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ تیسرا میچ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ تینوں میچز اذلان شاہ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔