قومی کرکٹ ٹیم جوہانسبرگ پہنچ گئی‘ آج سے کیمپ شروع
جوہانسبرگ (سپورٹس ڈیسک+نیوز ایجنسیاں) قومی کرکٹ ٹیم جوہانسبرگ پہنچ گئی۔ امکان ہے کہ ٹیم انتظامیہ پہلے میچ کی دفاعی حکمت عملی کو تبدیل کرتے ہوئے نوجوان عمر اکمل کو چانس دے گی۔ فاسٹ بولنگ کا شعبہ مضبوط کرتے ہوئے محمد عرفان کو چانس دیا جا سکتا ہے۔ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو دو دن آرام دینے کا فیصلہ کیا،کھلاڑی دوسرے ون ڈے کی تیاری کے لئے آج سے کیمپ شروع کریں گے۔قومی ٹیم مینجمنٹ نے کیمپ میں پریکٹس کی بجائے کھلاڑیوں کو ذہنی آرام کی ہدایت کی ہے۔ہوٹل میں ٹیم مینجمنٹ، کپتان سمیت دیگر کھلاڑیوں کو لیکچر دے گی اور تربیتی کیمپ کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔ جنوبی افریقی کھلاڑی پہلے ون ڈے کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ گئے تھے آج ٹیم دوبارہ جوہانسبرگ میں اکٹھی ہو گی اور اگلے ون ڈے میچ کی تیاری کریں گی۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ون ڈے پندرہ مارچ کو سنچورین میں ہو گا۔میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق سہہ پہر 5 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا،دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ 17 مارچ کو جوہانسبرگ، چوتھا میچ 21 مارچ کو ڈربن جبکہ پانچواں اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ 24 مارچ کو بنونی میں کھیلا جائیگا۔