نگران وزیراعظم کیلئے میرا نام بہتر ہے‘انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں : شجاعت
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ایجنسیاں) ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ امن و امان کو جواز بنا کر انتخابات کو ملتوی کرنا درست نہیں ہوگا‘ انتخابات ہر حال میں وقت پر ہونے چاہئیں‘ نگران وزیراعظم کیلئے میرا نام سب سے بہتر ہے مگر ٹھیک نام وہی ہوگا جس پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہوں گی‘ پرویز مشرف پاکستان کے شہری ہیں وہ جب چاہیں پاکستان آسکتے ہیں۔ ق لیگ گجرات تک محدود نہیں انتخابات میں سب کو ہماری مقبولیت کا پتہ چل جائے گا‘ الیکشن کمشن جو بھی کاغذات نامزدگی دے گا ہمارے امیدوار وہی پر کرکے دینگے۔ وہ مسلم لیگ ہاﺅس میں قومی کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں کو انعام دینے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ ہماری کبڈی ٹیم نے بھارت میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وہاں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پیپلز پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگی وہاں ق لیگ کے امیدوار کو کھڑا نہیں کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کا نام دو سے تین دن میں فائنل ہوجائے گا ابھی تمام سیاسی جماعتیں اپنا اپنا نام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کیلئے ق لیگ کی اتحادیوں سے مشاورت جاری ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گورنر راج کے خاتمے کیلئے ان کی وزیراعظم سے ملاقات طے ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گجرات سے چوہدری پرویز الٰہی الیکشن لڑیں گے میرا ارادہ نہیں ہے۔
شجاعت