حکومت کے خاتمے پر رحمن ملک اور ڈاکٹر عاصم کو ایوان صدر میں مشیر لگانے کا اصولی فیصلہ
اسلام آباد (آن لائن) موجودہ حکومت کے اختتام پر وزیر داخلہ اے رحمن ملک اور مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کو ایوان صدر میںمشیر لگانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ 48گھنٹوں میں اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا ۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ ایوان صدر کے سیکرٹری جنرل سلمان فاروقی جن کے پاس وفاقی محتسب کا اضافی عہدہ بھی ہے، علاج معالجے کے لئے بیرون ملک جارہے ہیں جہاں ان کا قیام کافی زیادہ ہوسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق رحمن ملک اور ڈاکٹر عاصم حسین کو ایوان صدر میں متعین کیا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لئے اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد اصولی فیصلہ ہوچکا ہے اور یہ دونوں اہم شخصیات حکومت کی مدت کے خاتمے اور اسمبلیوں کی تحلیل ہوتے ہی اپنے نئے عہدے سنبھال لیں گی ۔ توقع ہے کہ رحمن ملک کو صدر کا امور داخلہ کے بارے میں ہی مشیر لگایا جائے گا جبکہ ڈاکٹر عاصم کے شعبے بارے میں فیصلہ جلد کرلیا جائے گا ان دونوں کا درجہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا ۔