خسرہ سے ہلاکتیں، ذمہ داروں کے تعین کیلئے وفاقی و پنجاب حکومت کو دوبارہ نوٹس جاری، تفصیلی رپورٹ طلب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے خسرہ سے ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ داروں کے تعین کے لئے دائر درخواست پر وفاقی و پنجاب حکومت کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ درخواست گذار کے وکیل نے عدالت کو بتایا حکومتی غفلت کے نتیجے میں خسرہ کی وبا سے درجنوں جانیں ضائع ہوئیں اور شہریوں میںخوف و ہراس پھیلا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا خسرہ کی وباءپر بروقت قابو نہ پانے والے افراد کا تعین کیا جائے اور انہیں سخت سزائیں سنائی جائیں۔ سرکاری وکیل نے عدالت سے جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت کی استدعا کی۔