کراچی: ایم این اے اعجاز جاکھرانی کے بیٹے کا محافظوں سے ملکر طالب علم پرتشدد
کراچی (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) پیپلزپارٹی کے ایم این اے اعجاز جاکھرانی کے بیٹے حارث اور رافع جاکھرانی کا فٹ بال میچ میں شکست کے بعد اپنے گارڈ کیساتھ مل کر طالبعلم پر تشدد‘ پولیس نے اعجاز جاکھرانی کے بیٹوں سمیت پانچ گارڈز کیخلاف تشدد کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز ایم این اے اعجاز جاکھرانی کے بیٹے کا سکول میں فٹ بال میچ کے دوران علی گوہر نامی طالبعلم سے جھگڑا ہوگیا جس پر اعجاز جاکھرانی کے بیٹے نے اپنے گارڈ کیساتھ مل کر علی گوہر کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے زخمی کردیا جس کے بعد علی گوہر کو زاہد ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کی رپورٹ لے کر جب طالبعلم کے اہل خانہ بوٹ بیسن تھانے میں ایم این اے اعجاز جاکھرانی کے بیٹے رافع جاکھرانی اور حارث جاکھرانی کے پانچ گارڈز کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی۔ ایس پی کلفٹن نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چار سے پانچ گارڈز نے طالبعلم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور یہ جھگڑا میچ میں شکست کے بعد پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزموں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثنا پورٹ بیسن پولیس نے اعجاز جاکھرانی کے ایک گارڈ کو گرفتار کر لیا۔
اعجاز جاکھرانی