• news
  • image

بادامی باغ واقعہ میں غفلت، امجد سلیمی تبدیل، محمد ایملش سی سی پی او لاہور تعینات خواہش ہے پولیس زحمت نہ بنے: ایملش

لاہور (نامہ نگار+سپیشل رپورٹر+اپنے نمائندے سے) حکومت پنجاب نے سی سی پی او لاہور امجد جاوید سلیمی کو بادامی باغ واقعہ کے تناظر میں تبدیل کر کے آر پی او سرگودھا محمد ایملش کو سی سی پی او لاہور مقرر کردیا۔ سی سی پی اولاہور امجد جاوید سلیمی کو دوسری بار ان کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے، امجد جاوید سلیمی کو ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ تعینات کیا گیا ہے، محمد ایملش ایس پی فیصل آباد، اوکاڑہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے، ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو، پیرس میں کونسلر ویلفیئر، ڈی آئی جی ایڈمن، انویسٹی گیشن اور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر پنجاب رہ چکے ہیں۔ آن لائن کے مطابق واقعہ بادامی باغ لاہور میں غفلت برتنے پر آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور امجد جاوید سلیمی کو فوری طور پر تبدیل کیا جبکہ محمد ایملش نے ڈی آئی جی سرگودھا کا چارج چھوڑ دیا ہے جبکہ ڈی پی او سرگودھا راجہ رفعت کو ڈی آئی جی سرگودھا کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ اپنے نمائندے سے کے مطابق ایملش لاہور کے 16 ویں سی سی پی او ہوں گے۔ وہ 1957ءمیں سرگودھا میں پیدا ہوئے، ایم اے اکنامکس کیا۔ 1984ءمیں بطور اے ایس پی پولیس سروس میں شمولیت اختیار کی۔ بعدازاں انہیں 1990ءمیں بطور ایس پی ترقی دی گئی۔ نامہ نگار کے مطابق سی سی پی او لاہور محمد ایملش نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے پولیس عوام کے لئے سہولت کا باعث بنے نہ کہ زحمت کا، میری اولین ترجیح شہریوں میں تحفظ کے احساس کو فروغ دینا، انصاف کی فراہمی اور جرائم کا خاتمہ کرنا ہے۔ میں تھانوں کے اچانک دورے کروں گا، اچھی کارکردگی دکھانے والے افسروں و اہلکاروں کو انعامات دیئے جائیں گے جبکہ ناقص کارکردگی دکھانے اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ میری کوشش ہوگی لاہور پولیس کے تمام معاملات میرٹ کے مطابق حل ہوں اور کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
سی سی پی او

epaper

ای پیپر-دی نیشن