• news
  • image

پنجاب یوتھ فیسٹیول میں مزید 2 عالمی ریکارڈ قائم

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پنجاب یوتھ فیسٹیول اختتام پذیر ہو گیا۔ گذشتہ روز دو مزید عالمی ریکارڈ قائم ہوئے جس میں دنیا کی سب سے بڑی پینٹنگ اور سر سے لکڑی کے بلاکس توڑنے کا عالمی ریکارڈ بنایا گیا۔ پنجاب سٹیڈیم میں دنیا کی سب سے بڑی پینٹنگ میں لڑکوں اور لڑکیوں کی کثیر تعداد نے حصہ لیا اور تین ہزار سات سو سترہ سکوائر میٹر کی پینٹنگ بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ نائیجریا کے پاس تھا جنہوں نے تین ہزار ایک سو تیس سکوائر میٹر کی پینٹنگ بنائی تھی۔ گذشتہ روز دوسرا ورلڈ ریکارڈ پنجاب سپورٹس بورڈ جمنیزیم میں مارشل آرٹس کیٹیگری میں30 منٹ کے دوران زیادہ سے زیادہ چپ بورڈ سر سے توڑنے کا بنایا گیا جس میں محمد راشد نے30 سکینڈ کے دوران 34 چپ بورڈ توڑ کر گینیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرا لیا۔ ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کے بعد راشد نے اپنی کامیابی کو والدین سے منسوب کیا۔ محمد راشد نے ڈی جی سپورٹس کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نوجوانوں کو پلیٹ فارم مہیا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ فیسٹیول کے دوران چار عالمی ریکارڈز قائم کئے ہیں اور یہ وہ ریکارڈز ہیں جو گزشتہ پانچ سالوں کے دوران کوئی نہیں توڑ سکا۔ 

epaper

ای پیپر-دی نیشن