بھارت نے پاکستان سے سیریز منسوخ کر دی‘ کبھی ٹیم نہیں بھیجیں گے : ہاکی فیڈریشن....اعتماد سازی اقدامات کے منافی ہے : دفتر خارجہ
نئی دہلی + لاہور ( سپورٹس رپورٹر +اے پی اے + اے پی پی + نوائے وقت رپورٹ) بھارت نے آئندہ ماہ پاکستان کے خلاف ہاکی سیریز کی میزبانی سے انکار کر دیا ہے جس کی تصدیق بھارتی وزیر خارجہ نے بھی کر دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی دو طرفہ ہاکی سیریز منسوخ کر دی گئی، سیریز کے پہلے مرحلے میں پاکستان ہاکی ٹیم کو 5 سے 15 اپریل تک بھارت کا دورہ کرنا تھا جبکہ دوسرے مرحلے میں بھارتی ٹیم کو 23 اپریل کو پاکستان آنا تھا، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہاکی انڈیا کے حکام نے سکیورٹی کی صورتحال کو سیریز کی منسوخی کی وجہ قرار دیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے بھارت کی جانب سے ہاکی سیریز منسوخ کرنے کے فیصلے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان بھارت سیریز نہ ہوئی تو پھر کبھی ہاکی ٹیم کو بھارت نہیں بھیجیں گے۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اس سے قبل 2006ءمیں 6 میچز کی ہاکی سیریز کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان کو 3 میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ 2 میچز بغیر ہار جیت کے فیصلے کے ختم ہوئے۔ بھارتی کی ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نریندر بٹرا نے اعلان کیا ہے کہ اگلے ماہ پاکستان کے ساتھ کھیلے جانے والی سیریز منسوخ کر دی ہے۔ نریندر نے کہا کہ سیریز حکومت کے کہنے پر منسوخ کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پولیس پوسٹ پر حملے کے بعد سے کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان رانچی، لکھنو¿، دہلی، موہالی اور جالندر کے شہروں میں 5 سے 15 اپریل کے درمیان میچ کھیلنے جانے تھے۔ آصف باجوہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت کے اس فیصلے سے مایوسی ہوئی، پاکستان بھارت سیریز کا نہ ہونا افسوسناک ہے اگر بھارت نے سیریز منسوخ کی تو پاکستانی ٹیم کبھی بھارت کا دورہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کے پرستار چاہتے ہیں کہ کھیل میں سیاست کو نہیں لانا چاہئے۔ بھارت کھیل کو سیاست سے دور رکھے، دونوں ملکوں کے درمیان 1947ءسے تعلقات میں اتار چڑھا¶ آتا رہا ہے۔ آصف باجوہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین نیوٹرل مقام پر بھی ہاکی سیریز کا انعقاد نہیں کیا جائے گا۔ بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ سمیت دیگر ٹورنامنٹس میں مشروط طور پر شرکت کی جائے گی۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے حکومت پاکستان اور پی ایچ ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی اجازت ضروری ہو گی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان بھارت ہاکی سیریز کے ملتوی ہونے سے 50 سے 60 ملین روپے کا نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی سیریز کے ملتوی ہونے سے پاکستان کی نہیں بلکہ بھارت کی بے عزتی ہوئی ہے کیونکہ بھارت اپنی کمٹمنٹ پر پورا نہیں اترا۔ پاکستان نے جو بھی کمٹمنٹ کی ہے اس کو ہر حال میں پورا کیا ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے پاکستان بھارت ہاکی ٹورنامنٹ کی منسوخی اور ویزا معاہدے پر عملدرآمد میں تاخیر پر ردعمل میں کہا کہ کھیل، ثقافتی سرگرمیاں اور عوامی رابطے دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد قائم کرتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان امن برقرار رکھنے کے لئے کھیلوں سمیت اعتماد سازی کے عمل پر بلاتعطل عملدرآمد ضروری ہے، پاکستان امن عمل اور جامع مذاکرات کے لئے بھرپور عزم کئے ہوئے ہے، پاکستان بھارت ہاکی سیریز کی منسوخی اعتماد سازی کے اقدامات کے منافی ہے۔
ہاکی سیریز منسوخ