جسٹس (ر) طارق پرویز نگران وزیراعلی خیبر پی کے کے نامزد‘ حکومت اپوزیشن کا متفقہ اعلان
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت نیوز) جسٹس (ر) طارق پرویز کو خیبر پی کے کا نگران وزیراعلیٰ نامزد کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے امیر حیدر خان ہوتی نے خیبر پی کے کے اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جسٹس (ر) طارق پرویز کو نگران وزیراعلیٰ نامزد کرنے کا اعلان کیا۔ امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ جسٹس (ر) طارق پرویز کا نام اتفاق رائے سے دیا گیا ہے۔ وہ غیرجانبدار شخصیت ہیں۔ اُمید ہے دیگر صوبوں میں بھی اتفاق رائے سے نگران وزیراعلیٰ بنائے جائینگے۔ جسٹس (ر) طارق پرویز کا نام میرٹ کی بنیاد پر دیا گیا۔ انتخابی اتحاد کیلئے جے یو آئی اور اے این پی کے درمیان اب تک کوئی بات نہیں ہوئی۔ گورنر کو مشورہ دونگا، جس دن قومی اسمبلی تحلیل ہو اسی دن خیبر پی کے اسمبلی تحلیل کی جائے۔ سازشی کہانیوں کی طرف نہیں دیکھنا چاہئے۔ انشاءاللہ انتخابات وقت پر ہوں گے۔ اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے کہا کہ اپنے مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ملک کیلئے سوچنا چاہئے۔ دیگر صوبے بھی ملکی حالات کے پیش نظر غیرجانبدار شخص کو نگران وزیراعلیٰ نامزد کریں۔ جسٹس (ر) طارق پرویز کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ کوشش کی کہ ایسا نام لائیں جس پر حکومت اور اپوزیشن کا اتفاق رائے ہو۔ نامزد نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) طارق پرویز نے کہا ہے کہ صوبہ میں شفاف انتخابات کا انعقاد اور قیام امن انکی حکومت کی اوّلین ترجیح ہوگی۔ صوبہ میں قیام امن بھی انکی اہم ترجیح ہے تاکہ عوام کھلی فضا میں سانس لے سکیں۔ انکا کہنا تھا کہ وہ صوبہ میں قیام امن کیلئے پختون روایات کے تحت سب کے ساتھ مل جل کر کام کریں گے۔
طارق پرویز/ نامزد