تمام بنک آج کھلے رہینگے، اربوں کے رکے بلوںکی ادائیگی کیلئے وفاقی اداروں کے ملازمین کی چھٹی بھی منسوخ
لاہور (کامرس رپورٹر) سٹیٹ بنک اور تمام نجی بنک آج کھلے رہیں گے حکومت پاکستان کے اعلان کے مطابق سٹیٹ بنک آف پاکستان، ایس بی پی بنکنگ سروسز کارپوریشن اور بنک / ڈویلپمنٹ فنانس انسٹی ٹیوشنز (DFls) / مائیکرو فنانس بنک آج کھلے رہیں گے اور معمول کے مطابق کام کریں گے۔ آئی این پی کے مطابق قوم سے پانچ سال تک جمہوریت کا انتقام لے کر رخصت ہونے والی حکومت نے اپنے آخری روز وزارت خزانہ سمیت تمام وفاقی اداروں کے ملازمین کی چھٹی منسوخ کردی‘ اربوں روپے کے رکے ہوئے بلوں کی ادائیگی کیلئے اے جی پی آر اور وزارت خزانہ دن رات مصروف ہیں۔ وفاقی حکومت نے آج ہفتہ کو سرکاری تعطیل ہونے کے باوجود چھٹی منسوخ کرکے تمام ملازمین کو دفتروں میں حاضر ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ذرائع کے مطابق خاص طور پر یہ اہتمام وزارت خزانہ اور اس کے ذیلی اداروں کیلئے کیا گیا ہے تاکہ تمام حکومتی ارکان کے منصوبوں کے لئے رکے ہوئے فنڈز اور وزارتوں کے اربوں روپے کے ان بلوں کی ادائیگی کرائی جاسکے جو بعض وجوہات کی بناءپر ابھی تک کلیئر نہیں ہوسکے تھے۔ وزارت خزانہ کے فنانس ڈویژن میں جمعہ کو بھی ہزاروں فائلوں پر دھڑا دھڑ دستخط کئے گئے ۔ فنڈز کے اجراءکو لوٹ سیل (آج) آخری دن تک جاری رہے گی اور ذرائع کے مطابق لگتا یہی ہے کہ نگران حکومت کے چارج سنبھالنے تک سرکاری خزانے میں کچھ بھی باقی نہیں بچے گا۔
چھٹی منسوخ