ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے لیپ ٹاپ سکیم بھی شفاف قرار دیدی
لاہور (خبرنگار) ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے پنجاب حکومت کے میٹرو بس پراجیکٹ اور اُجالا پروگرام کے بعد لیپ ٹاپ سکیم کو بھی شفاف قرار دے دیا ہے۔ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو لکھے گئے ایک خط میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے واضح کیا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے ایک لاکھ لیپ ٹاپس کی خریداری کے تمام مراحل قواعد و ضوابط کے عین مطابق تھے اور تمام لیپ ٹاپس ونڈو 7کے سافٹ ویئر کی قیمت سمیت خریدے گئے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے خط کے مطابق لیپ ٹاپ کی خریداری کا عمل جولائی 2012ءمیں شروع ہوا اور 30اور 31جولائی کو اس سلسلے میں قومی اخبارات میں ٹینڈرز شائع کئے گئے۔ خریداری کے مراحل کو شفافیت سے یقینی بنانے کی غرض سے لیپ ٹاپ کی فراہمی میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کی پیش کشوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ خصوصی کمیٹی نے جانچ پڑتال کے بعد بین الاقوامی اہمیت کی حامل 4کمپنیوں کو مقررہ معیار کے مطابق لیپ ٹاپ کی فراہمی کا حق دار قرار دے دیا۔ بعدازاں انہی کامیاب کمپنیوں میں سے ایک کمپنی نے لیپ ٹاپ ، اس سے متعلقہ اضافی سازوسامان اور آلات اور سافٹ ویئر کی قیمت سمیت سب سے کم نرخوں پر فراہمی کی پیش کش کی جسے کمیٹی نے بغور جائزہ کے بعد منظور کر لیا۔ اس ضمن میں پنجاب بنک میں ایک لاکھ لیپ ٹاپس کی خریداری کے پانچ لیٹرز آف کریڈٹ کھولے گئے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق خریدے گئے ایک لاکھ لیپ ٹاپس پنجاب حکومت کو موصول بھی ہوچکے ہیں۔ پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے میٹرو بس منصوبہ ، اُجالا پروگرام اور لیپ ٹاپ سکیم کے جن تین منصوبوں کا معیار جانچنے کیلئے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سے خود درخواست کی تھی، ان تینوں منصوبوں کو شفاف دے کر مخالفین کے منہ بند کردئیے ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی تصدیق کے بعد ثابت ہوگیا ہے کہ پنجاب حکومت کے تمام ترقیاتی منصوبے کرپشن سے سوفیصد پاک ہیں اور وزیراعلیٰ کا یہ دعویٰ کہ” اگر پنجاب حکومت کے کسی منصوبے میںکرپشن ثابت ہوجائے تو عوام کا ہاتھ ہوگا اور میرا گریبان“، اسی اعتماد اور دیانت کا مظہر ہے۔
لیپ ٹاپ سکیم شفاف قرار