• news

کپتان کی تقرری چیئرمین پی سی بی کا استحقاق ہے‘ مصباح الحق کے مستقبل کا فیصلہ بورڈ ہی کرے گا: اقبال قاسم

لاہور (نیوز ایجنسیاں) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے کہا ہے کہ کپتان کی تقرری چیئرمین پی سی بی کا استحقاق ہے، مصباح الحق کے مستقبل کا فیصلہ بورڈ ہی کریگا ۔ایک انٹرویومیں اقبال قاسم نے کہا کہ کپتان مقرر کرنے کا استحقاق پی سی بی کا ہے یہ اچھی روایت ہے کہ سلیکٹرز کپتان کی تقرری کے معاملے سے الگ ہیں۔ جنوبی افریقا کی سیریز سے قبل ہمیں اندازہ تھا کہ پاکستان ٹیم کو سیریز میں سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا تاہم سیریز کا نتیجہ اس قدر یکطرفہ ہوگا اس کا کسی کو اندازہ نہ تھا البتہ پاکستان ٹیم میں صلاحیت ہے کہ وہ جنوبی افریقا کو بقیہ میچوں میں ٹف ٹائم دے۔ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو مستقبل کے حوالے سے پلان تیار کرکے دے رہا ہوں فاسٹ باﺅلرزکےلئے کوچنگ کیمپ لگانے کی تجویز ہے جس میں وسیم اکرم اور دیگر کوچز کو مدعو کیا جائے گا۔ جنوبی افریقا میں بیٹسمینوں کی کارکردگی خراب رہی لیکن باﺅلنگ نے بھی توقعات پوری نہیں کیں۔ وسیم اکرم اور وقار یونس دنیا کے عظیم بولر تھے ہم ان کی فوٹو سٹیٹ نہیں نکال سکتے۔ ایسے باﺅلر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ اگر بورڈ چاہے تو ذمے داریاں چھوڑنے کو تیار ہوں۔ میری جب بھی ذکا اشرف سے ملاقات ہوئی ہے وہ کہتے ہیں کہ پاکستان ٹیم میں نئے کھلاڑی آنے چاہئیں، میری رائے بھی یہی ہے لیکن کون کس کی جگہ لے گا یہ کہنا مشکل ہے مستقبل کے حوالے سے پالیسی پی سی بی کی مشاورت سے تیار کریں گے۔ عبدالرحمن اور ذوالفقار بابر ایک جیسے لیفٹ آرم اسپنر ہیں اس بات کا فیصلہ ٹور سلیکشن کمیٹی نے کیا ہے کہ کون ٹیم کے ساتھ رہے گا۔ عبدالرحمن کو ٹیم انتظامیہ کی درخواست پر ون ڈے ٹیم میں رکھا گیا ۔ راحت علی اور تنویر احمد کو جنوبی افریقہ بھیجنے کا فیصلہ کپتان، کوچ کی درخواست پر کیا گیا تھا۔ پاکستان کو اچھے وکٹ کیپر بیٹسمین اور اچھے آل راﺅنڈر کی ضرورت ہے عبدالرزاق سمیت کسی لڑکے کو نظرانداز نہیں کیا گیا مستقبل میں عبدالرزاق کو بھی چانس مل سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن