• news

الیکشن کمشن نے نامزدگی فارم میں ٹیکس چوروں کو محفوظ راستہ دیدیا: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ نئے کاغذات نامزدگی میں قرضہ معاف کرانے والوں اور ٹیکس چوروں کو محفوظ راستہ دے کر الیکشن کمشن عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے‘ نئے نامزدگی فارم اصل میں نیا چور دروازہ کھولنے کے مترادف ہے، حقیقت میں الیکشن کمشن سپریم کورٹ کے 8جون 2012ء کے فیصلے کی دھجیاں بکھیر رہا ہے مگر تاثر یہ دیا جا رہا ہے کہ شفاف الیکشن کرانے کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے‘ پری پول رگنگ عروج پر ہے اور اس حوالے سے الیکشن کمشن کے احکامات کو ہوا میں اڑایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ کل (اتوار) لیاقت باغ راولپنڈی کے جلسہ میں بہت سے حقائق قوم کے سامنے لاﺅنگا۔ لیاقت باغ کے جلسے میں حقیقی تبدیلی کا راستہ اور اسکا پورا لائحہ عمل قوم کو بتاﺅں گا۔ ملک میں حقیقی جمہوریت لانے کےلئے 17مارچ کا جلسہ ایک تاریخ رقم کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں ایک لاکھ سرکاری ملازمین کی تقرریاں کی گئیں ہیں، صرف ایک ہفتہ قبل پنجاب میں بھی بڑے پیمانے پر تقرریاں کی گئی ہیں۔ الیکشن سے قبل بڑے پیمانے پر سرکاری افسروں کے تبادلے بھی کر دئےے گئے ہیں۔ سرکاری بھرتیاں اور سیاسی تبادلے الیکشن کے تناظر میں غیر معمولی بات ہے۔ اس ساری صورتحال میں الیکشن کمشن کہاں کھڑا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن