جلسہ کو پانی پت کی جنگ قرار دینا عمران کی فسطائی ذہنیت ہے: پرویز رشید
لاہور (ثناءنیوز) سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمرا ن خان کی جانب سے مینار پاکستان کے جلسے کو پانی پت کی جنگ قرار دینا ان کی فسطائی ذہنیت کا آئینہ دار ہے وہ لفظوں کے استعمال میں ذہنی پسماندگی کا اظہار کرتے ہیں جس کے نتیجے میں ان کی پارٹی کے انتخابات میںبھی دھن ،دھونس اور دھاندلی کا بھر پور مظاہرہ ہوا ہے پرویز رشید نے عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جلسوں کو ”جنگ “اور مینار پاکستان کو ”پانی پت کا میدان“قراردینا عدم برداشت کے رویوں میں مزید اضافے کا باعث بنے گا-سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کو اتنا تو علم ہونا چاہیے کہ جمہوریت میں ”پانی پت کے میدان“ نہیں سمجتے وہ شعلہ بیانی میں ایساکچھ بھی کہہ جاتے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا کیونکہ جمہوریت میں ”جنگ“نہیں ،”انتخابات“ ہوتے ہیں۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ انتخابات ہواہی چاہتے ہیں اور جمہوری طریقہ کار کے مطابق ہر سیاسی پارٹی کو اس میں حصہ لینے اور عوامی مقبولیت جانچنے کا موقع ملے گا- عمران خان کو بڑھکیں مارنے اور بلند و بانگ دعوے کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔