• news

امریکی سفیر کا شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت، یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی

اسلام آباد (اے پی پی) امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستانی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جمعہ کو اسلام آباد میں پاکستان نیشنل پولیس کے شہداءکی یاد گار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اسلام آباد پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل سلطان تیموری اور اسلام آباد پولیس کے دیگر حکام بھی امریکی سفیر کے ہمراہ تھے۔ امریکی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے تقریباً پانچ لاکھ اہلکار اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال کر دوسروں کے تحفظ کیلئے کام کر رہے ہیں۔ بہادر پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنا اور ایک محفوظ زیادہ پرامن اور زیادہ منصفانہ معاشرے کے قیام کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دینے والے پولیس اہلکاروں کی یاد میں میری یہاں موجودگی میرے لئے ایک اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے 2012ءمیں 200 سے زائد افسران کی فرض کی ادائیگی کے دوران جان قربان کرنے پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ رچرڈ اولسن نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں پولیس کے محکمے کی معاونت کرتا رہے گا کیونکہ پولیس کا محکمہ شہریوں کے تحفظ‘ قانون کی عملداری کے فروغ اور تمام لوگوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے جدوجہد کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن