مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا چاہتے ہیں: مسعود خان
نیویارک (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے تعلقات میں بہتری آئی ہے اور دونوں ممالک میں پیدا ہونے والی غلط فہمیاں ختم ہو گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکیوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مسعود خان نے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جنوری 2011ءمیں سی آئی اے آپریٹر کے ہاتھوں دو پاکستانیوں کی ہلاکت، اسامہ بن لادن کیخلاف ایبٹ آباد آپریشن اور سلالہ پر نیٹو حملوں کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں کچھ تناﺅ پیدا ہوا تھا لیکن صدر آصف علی زرداری اور صدر اوباما کے درمیان مفاہمتی پالیسی کے باعث صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔ مسئلہ کشمیر پر ایک سوال کے جواب میں مسعود خان نے کہا کہ پاکستان اس مسئلہ کو بھارت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہشمند ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق عوام کو حق خودارادیت دیکر اس تنازعہ کو پرامن انداز میں حل کیا جا سکتا ہے۔
مسعود خان