• news

کابل : حقانی گروپ کا ٹرک بم دھماکے کا منصوبہ ناکام بنا دیا : افغان حکام‘ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ شدت پسند مارے گئے

کابل (آن لائن) افغانستان کی انٹیلی جنس ایجنسی نے کہا ہے کہ اس نے ایک بڑا ٹرک بم دھماکے کا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے ، جس میں 78سو کلو گرام دھماکہ خیز مواد سے کابل کے کسی بھی علاقے میں تباہی ہوسکتی تھی ۔نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی ( این ڈی ا یس ) نے کہا کہ اس حملے کا منصوبہ پاکستان میں مقیم حقانی نیٹ ورک اور طالبان قیادت نے بنایا تھا تاہم اس نے کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کئے ۔جاسوس ادارے کے ترجمان شفیق اللہ طاہری نے کہا کہ منگل کو دھماکہ خیز مواد پکڑا گیا جو ایک ٹرک میں سیمنٹ کے تھیلوں میں چھپایا گیا تھا یہ مواد دارالحکومت کے نواحی مشرقی علاقے میں پکڑا گیا ۔طاہری نے صحافیوں کو بتایا کہ ”این ڈی ایس کی تفتیش کی بنیاد پر معلوم ہوا ہے کہ اس دھماکہ خیز مواد سے 15سو میٹر کے علاقے میں تباہی ہو سکتی تھی “۔”اگر یہ پھٹ جاتا تو یہ شہر میں رہائش پذیر لوگوں کیلئے بڑا المیہ ہوتا “”این ڈی ایس فورسز نے پیشگی اطلاع پر اسے پکڑا ہمیں معلوم ہوا تھا کہ دہشتگرد کابل کے پرہجوم علاقے میں حملے کا منصوبہ بنا رہے ہیں “۔طاہری نے مزید کہا کہ ”منگل کو این ڈی ایس کے رات کے چھاپے میں پانچ مشتبہ منصوبہ ساز فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے دو مزید افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن