شہید بی بی کے وعدوں کی تکمیل سے ہم سرخرو ہوگئے: یوسف رضا گیلانی
مظفرگڑھ (نامہ نگار) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریاتی پارٹی ہے اور اپنے شہید قائدین کے نظریات پر عمل پیرا ہو کر قوم و ملک کی سچی خدمت کر کے ملک میں غریبوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کر رہی ہے ۔ پی پی پی اقتدار میں ہو یا نہ ہو ہر حالت میں عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ہم نے اپنے 5 سالہ دور میں یہ سب کچھ عملی طور پر کر کے دکھایا اور شہید بی بی کے وعدوں کی تکمیل کر کے اپنی شہید قائد اور عوام سے بھی سرخرو ہوئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مظفرگڑھ کینال کو پختہ کرنے کے 8 ارب 66 کروڑ روپے کے میگا پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر وزیر خارجہ حنا ربانی کھر‘ سابق ایم این اے ملک نور ربانی کھر‘ وفاقی وزیر مملکت معظم علی جتوئی صوبائی اسمبلی کے ممبران مہر ارشاد احمد سیال‘ انجینئر بلال کھر اور پی پی پی کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات ملک مظہر پہوڑ نے بھی خطاب کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ لوگ انقلاب کے نعرے لگاتے ہیں مگر انقلابی کام نہیں کرتے مگر ہم مظفرگڑھ ضلع میں صحیح معنوں میں انقلاب لائے ہیں۔ ایک ایسا انقلاب جس سے 4 لاکھ بنجر زمین آباد ہو گی اور 9 لاکھ گھرانوں کو خوشیاں ملیں گی۔ انہوں نے محترمہ حنا ربانی کھر کی قابلیت‘ صلاحیت اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں سرائیکی خطہ کی اس ہونہار بیٹی پر فخر ہے جس نے بہترین انداز میں پوری دنیا میں قوم و ملک کی نمائندگی کی اور قوم و ملک کا وقار بلند کیا۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے مادری زبان سرائیکی میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ وہ انگریزی اور اردو میں تقریریں کرتی ہیں اور آج پہلی بار سرائیکی زبان میں بات کررہی ہوں اس لئے ان کی ٹوٹی پھوٹی سرائیکی پر ناراض نہ ہونا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے پوری دنیا کو باور کرا دیا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کا نہیں بلکہ عزت دار اور وقار کے ساتھ رہنے والوں کا پاک وطن ہے۔ ہم بے نظیر بھٹو شہید کو سلام کریں گے کہ ان کی جماعت نے قوم و ملک کا وقار سربلند کیا۔ آج میرے حلقہ میں مظفرگڑھ کینال کا پختہ ہونا بھی بے نظیر بھٹو شہید کے وعدہ کی تکمیل کا دن ہے۔ شہید بی بی آج دنیا میں نہیں ہیں مگر شہید بی بی کے وارثوں نے ان کے وعدے پورے کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے ہم پر تہمتیں لگائیں اور گالیاں دیں مگر ہم عزت و شرافت کی سیاست کرنے والے ہیں اور کسی کے خلاف بھی کوئی غیر اخلاقی بات کرنا پسند نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد گزشتہ 30 سالوں سے مظفرگڑھ کے عوام کی سچی خدمت کر رہے ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ آج میں اپنے والد اور اپنے حلقہ کے عوام میں سرخرو ہو گئی ہوں۔
یوسف رضا