پنجاب حکومت کے منصوبے کرپشن سے پاک ہیں‘ مخالفین کی زبانیں گنگ ہو گئیں : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی نے ہمارے 36 ارب روپے سے زائد کے تین بڑے منصوبوں کو کرپشن سے پاک قرار دے کر پنجاب حکومت کی شفافیت کی پالیسی پر مہر ثبت کر دی ہے۔ میٹرو بس پراجیکٹ، اجالا پروگرام اور لیپ ٹاپ سکیم میں شفافیت کی گواہی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان جیسے عالمی ادارے نے دے کر ثابت کیا ہے کہ پنجاب حکومت کے منصوبے کرپشن سے سو فیصد پاک ہیں اور مخالفین کے بے بنیاد الزامات محض پراپیگنڈا تھے یہی وجہ ہے کہ مخالفین اب خاموش ہو چکے ہیں اور ان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں۔ 3 بڑے پراجیکٹس کو شفاف قرار دیا جانا نہ صرف حکومت بلکہ پورے پاکستان کے عوام کیلئے ایک اعزاز ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی طرف سے پنجاب کے منصوبوں کو شفاف قرار دینے کے بعد بے بنیاد الزامات لگانے والوں کی زبانیں گنگ ہو گئی ہیں۔ راولپنڈی میں پیرودھائی فلائی اوور اور انڈر پاس منصوبے کے افتتاح پر گفتگو میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں شفافیت مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔ میٹرو بس پراجیکٹ پر 90 ارب اور 70 ارب روپے خرچ کرنے کے بے بنیاد الزامات لگانے والوں کے جواب میں ہم نے خود کو احتساب کیلئے قوم کے سامنے پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیر ودھائی موڑ فلائی اوور اینڈ انڈر پاس ایک شاندار منصوبہ ہے جس سے راولپنڈی آنے جانے والی ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں روزانہ مستفید ہوں گی اور ایندھن اور مسافروں کے وقت کی خاطرخواہ بچت ہو گی۔ قوم نے آئندہ انتخابات میں نواز شریف کو اپنے اعتماد سے نوازا تو برسر اقتدار آنے کے بعد عوام کا پیسہ لوٹنے والوں سے ٹھوس ثبوت کی بنیاد پر عوام کی لوٹی ہوئی دولت واپس نکلوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں ہو گی جیسا کہ پانچ سال کے دوران پنجاب میں کسی سیاسی مخالف کو چھوا تک نہیں گیا۔ بادامی باغ میں ترقیاتی کاموں کے لئے جائزہ اجلاس سے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ جوزف کالونی بادامی باغ کے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہے۔ کالونی میں 50 متاثرہ مکانات کے تعمیراتی کام کی تکمیل ہو چکی ہے جبکہ باقی ماندہ گھروں کی تعمیر و مرمت 7 روز میں مکمل کر لی جائے گی۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی پر روشنی ڈ التے ہوئے واضح کیا کہ پانچ برس کے دوران پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کو برق رفتاری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا گیا۔ شفافیت اور میرٹ پر علمدرآمد پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ تھرڈ پارٹی آڈٹ سسٹم رائج کیا گیا ہے جبکہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کو 36 ارب روپے سے زائد کے تین منصوبے میٹر و بس پراجیکٹ، اجالا پروگرام اور لیپ ٹاپ سکیم کی شفافیت کا معیار جانچنے کے لئے کہا گیا اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پنجاب حکومت کو شفافیت کا سرٹیفکیٹ دے کر ہمیں اللہ تعالیٰ اور عوام کی عدالت میں سرخرو کیا ہے جو پنجاب حکومت کے لئے ایک اعزاز سے کم نہیں۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ یا اپنے لئے ایک بھی نئی گاڑی نہیں منگوائی گئی۔ قومی وسائل امانت سمجھ کر صوبے کے عوام پر خرچ کئے ہیں۔ جاتے جاتے بھی حکمران عوام کو اربوں روپے کے ٹیکے لگا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی دوروں پر وزرا اور ارکان اسمبلی اپنے ذاتی خرچ سے سفر پر جاتے تھے جبکہ صرف سرکاری افسران کے سفر کا خرچہ حکومت پنجاب کو برداشت کرنا پڑتا تھا۔ یقیناً ہم سے بھی غلطیاں اور کوتاہیاں ہوئی ہیں کیونکہ ہم بھی انسان ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ میرے پاس 18 وزارتیں نہیں بلکہ صرف ایک ہی وزارت ہے۔ بجلی اور گیس چوری کو روکنا ہو گا او ر ٹیکسوں کی مد میں اضافہ کرنا ہو گا ورنہ ہم بھکاری رہیں گے اور اغیار ہماری تذلیل کرتے رہیں گے۔ اسلام آباد میں چور اور چوکیدار ملے ہوئے ہیں۔
شہباز شریف