• news
  • image

سیاسی جماعتوں سے کل کی ملاقات منسوخ‘ ترقیاتی فنڈز کے اجراءکی اجازت‘ الیکشن کمشن پرسوں نشانات الاٹ کریگا

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے وزارت خزانہ کو ترقیاتی فنڈز کے اجراءکی اجازت دیدی جبکہ انتخابی نشانات الاٹ کرنے کیلئے اجلاس 19 مارچ کو طلب کر لیا ہے۔ فنڈز روکنے کے مراسلے میں ترمیم کر کے اجازت دی گئی۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ ترقیاتی سکیموں کیلئے وزارت خزانہ رقم جاری کر سکتی ہے۔ وزیراعظم کے صوابدیدی اختیار کے تحت بھی فنڈز جاری ہو سکتے ہیں جبکہ پبلک سیکٹر پروگرام، سی ڈی ڈبلیو پی کے تحت بھی رقم کا اجراءہو سکتا ہے۔ ایکنک کے منظور کردہ فنڈز بھی جاری ہو سکتے ہیں۔ وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ مراسلہ نہ ہوتا تو الیکشن کمشن کو فنڈز کن قوانین کے تحت دیتے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ آئین وزیراعظم کو بجٹ سے زیادہ فنڈز خرچ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ وزیراعظم نے ترقیاتی کاموں پر 39 ارب روپے خرچ کئے جبکہ وزیراعظم کیلئے 22 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تھا۔ دوسری جانب الیکشن کمشن نے انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کیلئے 19 مارچ کو اجلاس طلب کر لیا۔ 118 سیاسی جماعتوں نے انتخابی نشانات کیلئے درخواستیں دے رکھی ہیں جن کے نمائندوں کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ پیش نہ ہونے والی سیاسی جماعتوں کو مرضی کے نشان الاٹ کئے جائیں گے۔ سیاسی جماعتوں اور الیکشن کمشن میں کل 18 مارچ کو ہونے والی ملاقات منسوخ کر دی گئی ہے۔ ہفتہ کو وزارت قانون کے ذرائع کے مطابق وزارت قانون نے الیکشن کمیشن پاکستان کو خط لکھا ہے جس میں آگاہ کیا گیا ہے کہ فاروق ایچ نائیک 18 مارچ کووفاقی وزیر قانون نہیں ہوں گے۔
الیکشن کمشن

epaper

ای پیپر-دی نیشن