• news
  • image

حکومت کی مدت پوری ہونے پر پیپلز پارٹی نے جشن، مسلم لیگ ن نے یوم تشکر منایا

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت اور اسمبلیوں کی پانچ سالہ مدت پوری ہونے پر لاہور سمیت ملک بھر میں گزشتہ روز جشن جبکہ مسلم لیگ ن نے حکومت کے خاتمے پر یوم تشکر منایا۔ لاہور میں پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میاں منظور وٹو، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری دیوان غلام محی الدین، منیر احمد خان، حاجی عزیز الرحمن چن، ذکریا بٹ و دیگر نے اس سلسلے میں قوم کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر دیوان غلام محی الدین کی جانب سے مٹھائی تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر جیالوں نے جیوے بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے حق میں نعرے بازی کی۔ صدر زرداری کے حق میں بھی دیر تک نعرے لگتے رہے۔ فیصل ٹاﺅن اور ماڈل ٹاﺅن کے دفاتر میں اس موقع پر مبارکباد دینے کیلئے کارکنوں کا تانتا بندھا رہا۔ دریں اثناءپیپلز پارٹی کی مرکزی حکومت کے پانچ سال پورے ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے یوم تشکر منایا۔ گزشتہ روز شہر کے مختلف حصوں سے مسلم لیگی کارکنوں نے چوراہوں اور بڑی شاہراہوں پر پیپلز پارٹی کی حکومت کو کرپٹ حکومت قرار دیتے ہوئے اس کے خاتمے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام کی جان چھوٹ گئی۔ امین پارک راوی روڈ سے مسلم لیگ ن کے نائب صدر عثمان تنویر بٹ اور ملک محمود الحسن کی قیادت میں مسلم لیگی کارکنوں نے داتا دربار تک جلوس نکالا جبکہ علامہ اقبال ٹاﺅن میں دوبئی چوک میں مسلم لیگ ن لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری خواجہ سعد فرخ کی قیادت میں مسلم لیگی کارکنوں نے یوم تشکر منایا اور مسجد چوک دوبئی میں شکرانے کے نوافل ادا کئے۔
یوم تشکر/ جشن

epaper

ای پیپر-دی نیشن