تیسرا ون ڈے میچ آج ہو گا‘ پروٹیز کو ٹف ٹائم دیں گے: مصباح‘ پاکستان کو آسان نہیں لیں گے: ڈویلیئرز
جوہانسبرگ (سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ آج دوپہر ایک بجے کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ میچ سے قبل محمد عرفان فٹ نہ ہوئے تو وہاب ریاض کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ قومی ٹیم کا وننگ کمبی نیشن برقرار رکھا جائے گا۔ آج موسم خوشگوار رہے گا اور بارش کا امکان نہیں ہے۔ اس میدان پر 6 سال قبل جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کیخلاف 438 ریکارڈ رنز بنا کر میچ جیتا تھا۔ جنوبی افریقن ٹیم پنک ڈے کے موقع پر پنک یونیفارم پہنے گی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ کینسر کیخلاف جنگ میں شائقین بھی پنک کلر کے کپڑے پہن کر شریک ہوں گے جس کے باعث سٹیڈیم پنک کلر میں تبدیل ہو جائیگا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ بلے باز جب ٹھیک کھیل رہے ہوں تو 5 یا 6 رنز فی اوور حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ آج بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔ دوسرے میچ میں کامیابی کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ میزبان ٹیم کو ٹف ٹائم دیں گے۔ ہر بے باز کی ذمہ داری ہے کہ وہ اچھا کھیلے اور لمبی اننگز کھیلے۔ جنوبی افریقن کپتان اے بی ڈویلیئرز نے کہا کہ ہم نے دو گیمز یکطرفہ ہاری ہیں کیونکہ ٹیم نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی۔ آج پاکستان کو آسان نہیں لیں گے، ہم ابھی بھی فیورٹ ہیں۔ آج جیت کر سیریز میں برتری حاصل کریں گے۔