سلمان بٹ کے حوالے سے تمام باتیں بے بنیاد‘ جھوٹی ہیں: محمد عامر
لاہور (حافظ محمد عمران) نوجوان ٹیسٹ کرکٹر محمد عامر نے کہا ہے کہ سپاٹ فکسنگ کیس کے حوالے سے انگلینڈ کی سرزمین پر قدم رکھتے ہی اپنی وکیل سے کہہ دیا تھا کہ میں صرف سچ بولنا چاہتاہوں اور جو غلطی کی ہے اس کا مجھے اعتراف کرنا ہے۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام ”گیم بیٹ“ میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ انگلینڈ کے قانون کے مطابق عدالتی کارروائی کا طریقہ کار یہ ہے کہ جب تک آپ پر عائد کردہ تمام الزامات اور ان کے حوالے سے تمام ثبوت سامنے نہ لائے جائیں کیس کی کارروائی شروع نہیں ہو سکتی۔ ہمارے کیس میں بھی تمام ثبوت پہلے ہی موجود تھے بعد میں کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔ سابق کپتان سلمان بٹ کی اس حوالے سے تمام باتیں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔ اوول ٹیسٹ سے پہلے آئی سی سی نے دو کھلاڑیوں کو اپنے موبائل کا ڈیٹا فراہم کرنے کا لیٹر لکھا تھا۔ ان میں میرا نام تو شامل نہیں تھا۔ میں نے جو بیان دیا ہے وہ سچ پر مبنی ہے جو ہوا تھا وہ بیان کیا ہے۔ میں کسی کا نام نہیں لینا چاہتا کہ کون کیا کرتا ہے۔ تاہم یہ ضرور کہوں گا کہ کبھی کسی پر اندھا اعتماد نہیں کرنا چاہئے میں نے دوستوں پر اعتماد کیا اور اسکا نقصان اٹھایا۔ محمد عامر نے کہا کہ میں قلبی، ذہنی اور ضمیر کے حوالے سے بالکل مطمئن ہوں کیونکہ مجھے اپنی غلطی کا احساس ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ اللہ کی طرف سے میرے لئے ایک سبق تھا کیونکہ اس وقت جس طرح مجھے کامیابیاں مل رہی تھیں اور صرف چند ماہ کے کیرئیر میں مجھے جو شہرت اور کامیابیاں مل رہی تھیں ہو سکتا تھا کہ میں ان کی وجہ سے اپنا آپ ہی بھول جاتا مگر اللہ نے مجھے سنبھلنے اور خود کو ٹھیک کرنے کا موقع دیا ہے۔ میں پریکٹس کر رہا ہوں اور میری رفتار اور سوئنگ میں ذرا برابر فرق نہیں آیا۔ بعض لوگ اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہیں جبکہ اکثر مجھے واپس کھیلتا ہوا دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔ سپاٹ فکسنگ کی وجہ سے میں نے، میرے خاندان اور میرے دوستوں نے بڑا ہی مشکل وقت دیکھا ہے اور اس مشکل وقت میں میرے اہلخانہ نے مجھے بہت سپورٹ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں اس سال انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں شامل ہورہا ہوں اور انشاءاللہ آگے بھی مزید تعلیم حاصل کرنے کا پروگرام ہے۔