بھارت نے پاکستان کے ساتھ ہاکی سیریز بھی منسوخ کر دی
کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے بھارتی ہٹ دھرمی، لوک سبھا میں پاکستان کیخلاف قرارداد منظور، افضل گورو کی پھانسی پر پاکستان قومی اسمبلی کی قرارداد کی مذمت۔ بھارت نے پاکستان کیساتھ ہاکی سیریز بھی منسوخ کر دی، پاکستانی ٹیم نے 5 اپریل کو بھارت جانا اور بھارتی ٹیم نے 23 اپریل کو پاکستان آنا تھا، حکومت کے کہنے پر فیصلہ کیا بھارتی ہاکی فیڈریشن! پاکستان کی طرف سے ہرممکن دوستانہ اقدامات اور کوششوں کے باوجود ابھی تک بھارتی حکام اور حکومت کی طرف سے جوابی طور پر وہ دوستانہ گرم جوشی نظر نہیں آئی جس کی امید تھی، حال ہی میں کھیلوں کے میدان میں جو گرم جوشی پیدا ہوئی تھی اس پر بھی گذشتہ روز اوس پڑ گئی جب بھارتی ہاکی فیڈریشن کی طرف سے ہاکی سیریز منسوخ کرنے کا اعلان سامنے آیا جس سے کھیلوں کے لاکھوں شائقین کو صدمہ جو کرکٹ اور ہاکی کے کھیل سے دلچسپی رکھتے ہیں اور ان دونوں کھیلوں کے روایتی حریفوں میں سنسنی خیز مقابلوں کا لطف اٹھاتے ہیں۔ دوسری طرف بھارتی پارلیمنٹ نے پاکستان کے خلاف ایک قرارداد بھی منظور کی جس میں پاکستان کی قومی اسمبلی میں افضل گورو کی پھانسی کے حوالے سے مذمت کو مسترد کیا اور کہا گیا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ کی اس تجویز سے بھارت کے ارکان لوک سبھا کو تشویش ہے کیونکہ یہ بھارت کا داخلی معاملہ ہے جس میں کسی کو مداخلت کا حق نہیں جبکہ کشمیر داخلی نہیں پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا اور اہم متنازعہ مسئلہ ہے اس لئے وہاں کسی بھی صورتحال پر پاکستان اظہار رائے کا حق رکھتا ہے جس پر بھارت کو سیخ پا ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔