امید ہے نگران وزیراعظم کا معاملہ کمیٹی حل کر لے گی: شجاعت
لاہور (خبرنگار) (ق) لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید نے بادامی باغ جوزف کالونی میں متاثرین کے کیمپوں کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ واقعہ کوئی غفلت نہیں بلکہ سوچی سمجھی سازش کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت اس سارے واقعہ کی ذمہ دار ہے اس جرم میں ملوث افراد کو سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا ایسا نہیں ہو نا چاہئے کہ حکومت ختم ہونے کے بعد متاثرین کی کوئی داد رسی نہ کرے۔ چودھری شجاعت نے کہا غیر مسلموں کو پاکستان میں وہی حقوق حاصل ہیں جو مسلمانوں کو حاصل ہیں، پنجاب میں جو بھی نگران حکومت آئے انہیں چاہئے وہ بھی ان کا خیا ل رکھیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہم نے نگران وزیراعظم کیلئے عشرت حسین کا نام دیا ہے، امید ہے نگران وزیراعظم کا معاملہ الیکشن کمشن کے پاس نہیں جائے گا بلکہ جو کمیٹی بنائی گئی ہے وہ اس معاملے کو حل کر لے گی، اسی طرح پنجاب کیلئے بھی ہم نے دو نام دئیے ہیں۔ مشاہد حسین نے کہا ہمیں اس واقعہ پر دلی افسوس ہوا، اس سارے واقعہ کی ذمہ دار پنجاب حکومت، پولیس اور انتظامیہ ہے جنہوں نے پہلے گھر خالی کرائے اور پھر جلائے، کل کو خدا نہ کرئے کو ئی دشمن لاہور پر حملہ کر دے تو یہ پہلے لاہور خالی کرائیں گے۔ انہوں نے کہا یہ واقعہ غفلت کا نہیں ہے شر پسند عناصر کو پتہ تھا ان کو روکنے والا کوئی نہیں۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق چودھری شجاعت حسین نے کہا مسلم لیگ (ن) والوں سے پوچھا جائے وہ کےوں کالعدم تنظےموں سے سےاسی و انتخابی اتحاد کرتی ہے۔ ہم نے کبھی کسی کالعدم جماعت سے اتحاد کےا اور نہ کرےنگے‘ ملک مےں بروقت ہی انتخابات ہو جائےنگے۔ پنجاب حکومت مسےحیوں کے تحفظ مےں مکمل ناکام ر ہی ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ خود ہی کرلینا چاہئے کمیٹی اور الیکشن کمشن کے پاس نہیں جانا چاہئے۔ نگران وزیراعظم کا جلد فیصلہ نہ کیا گیا تو ان قوتوں کو فائدہ ہوگا جو جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتی ہیں، انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کو نگران وزیراعلیٰ کیلئے فیصلہ کر لینا چاہئے۔
شجاعت/مشاہد